ووٹ چوری میں عمران خان کی ماتحت ایجنسیاں ملوث، الیکشن کمیشن دلیرانہ کردار ادا کرے: مریم نواز

    ووٹ چوری میں عمران خان کی ماتحت ایجنسیاں ملوث، الیکشن کمیشن دلیرانہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 وزیرآباد (نا مہ نگار،نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹ چوری میں عمران خان کے نیچے کام کرنے والی ایجنسیاں ملوث ہیں۔انہوں نے این اے 75 میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف 20 پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ نہیں چاہتے، دھاندلی میں کون کون ملوث ہے، ہمارے پاس نام موجود ہیں۔وزیرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیر آباد والوں نے ووٹوں کے تھیلے لیکر بھاگنے والوں کو پیچھے سے پکڑا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آفس سے ہدایات کے بغیرایک سوئی بھی نہیں ہل سکتی، یہ مقامی تحریک انصاف یا انتظامیہ کا کام نہیں، نام ان کے پاس آچکے ہیں کہ کس نے ڈسکہ کے پریذائیڈنگ افسروں کو اغوا ء کیا،کتنوں کو ایک ڈیرے پر لے جایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرے پر پی ٹی آئی کا کون کونسارکن اورکس کس ایجنسی کا کون کون رکن تھا، یہ خود سچ بتادیں ورنہ وہ عوام کے سامنے سچ لائیں گی۔ آج میں بیگم طلعت کو مبارکباد دینے کے علاوہ اپنے شیروں کو بھی مبارکباد دینے آئی ہوں،بدترین دھاندلی کے باوجود وزیرآباد والوں نے نوازشریف کے بیانیہ کو عزت دی،ووٹ چوروں کو تھیلے سمیت پکڑنے والوں کو سلام،عطاء تارڑ ضمنی الیکشن کا ہیرو ہے، آٹا چوروں ووٹ چوروں اور بجلی چوروں کا مقبرہ بنا دیا آپ نے،ہر صوبے سے شکست عمران نیازی کا مقدر بنی تو اس نے ڈسکہ کی سیٹ پر ڈاکہ مارنے کی کوشش کی۔یہ الیکشن نہیں بلکہ چوروں کے خلاف ریفرنڈم تھا،سندھ بلوچستان نوشہرہ اور پنجاب میں ان کو شکست کا سامنا رہا،جس نوازشریف کی سیاست ختم کرنے چلے تھے وہ ان کو گھر میں گھس کر مار رہے ہیں،نوازشریف اور شہباز شریف کی حکومت نہیں لیکن پنجاب اتنا بھی لاوارث نہیں کہ آپ کو ڈاکے ڈالنے دے،پنجاب نے 2018 ء کے جعلی الیکشن کا پول بھی کھول دیا۔مریم کے پاپا ان ووٹ چوروں کو رلائیں گے ان کو شرم بھی نہیں آتی ہر جگہ سے ہارے لیکن دعوے ووٹ بڑھنے کے کر رہے ہیں،الیکشن ڈے پر فائرنگ سے خوف پھیلایا پولنگ سلو (slow)کروائی لیکن کچھ بھی نہ کر سکے،ووٹ چوری اور بکسہ چوری تو سنا تھا لیکن بڑی ترقی کی اب کے عملہ بھی چوری کر لیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ یہ نیا پاکستان نہیں بلکہ پرانا پا کستان واپس آ ر ہا ہے،بیس پولنگ اسٹیشن کا عملہ غائب رہا پھر چودہ گھنٹے بعد پیش ہوا،جن پولیس اسٹیشن والوں کی گاڑیاں خراب ہوئی جن کے راستے میں دھند پڑ گئی تھی جب ان کا رزلٹ سامنے آیا تو پولنگ اسی فیصد تک بڑھ گئی،تحریک ا نصاف والے ساری رات لائن بنا کر ووٹ ڈالتے رہے،مسلم لیگ ن اب شیرنیوں کی جماعت بن گئی شاباش بیگم طلعت شاباش نوشین،مسلم لیگ ن مطالبہ کر رہی ہے کہ بیس پولنگ اسٹیشن کا نہیں پورے ڈسکہ کا الیکشن دوبارہ کروائیں۔عمران خان کی چوری پکڑی گئی اب وہ کہتا ہے کہ مجھے مزید بے نقاب مت کرو بیس پولنگ کا الیکشن دوبارہ کروا لو۔ڈسکہ اور وزیرآباد کل بھی میاں نوازشریف کا تھا آج بھی میاں صاحب کا ہے۔ تحریک ا نصاف کے وزیروں اور ایم این ایز نے پورا زور لگا لیا لیکن پھر بھی شرمندگی کا سامنا رہا۔کیا آٹا سستا ہو گیا کیا بجلی سستی ہو گئی کیا مہنگائی کم ہو گئی تو پھر کوئی کیوں انہیں ووٹ دے گا۔ان کو تو کے پی کے میں بھی بدترین شکست کا سامنا رہا،براڈشیٹ کیس میں نواذشریف کو پھنسانے چلے تھے الٹا لینے کے دینے پڑ گئے پینتالیس لاکھ نواشریف کو دیا گیا۔پنجاب کا معصوم سا وزیراعلیٰ سن لے سب کچھ آپ پر ڈالا جا رہا ہے اس میں عمران خان ووٹ چور پورے کا پورا ملوث ہے۔الیکشن کمیشن سے اپیل کرتی ہؤں کہ ذوالفقار ورک جیسے افسران جنہوں نے اپنے حلف سے غداری کی ان کی پیٹیاں اتاری جائیں۔بائیس کروڑ عوام الیکشن کمیشن کی طرف دیکھ رہے ہیں۔الیکشن کمیشن اگر اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کروانا چاہتا ہے تو دلیرانہ کردار ادا کرے۔آف شور کمپنی چھپائی بنی گالہ کے گھر کا معاملہ آٹا چوری بجلی چوری کی لیکن کہتا ہے کہ میں نے کچھ نہیں کیا۔اغوا برائے تاوان تو سنا تھا اب اغوا برائے ووٹ بھی دیکھ سن لیا ووٹ چوروں کی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے۔وزیرآباد والو لانگ مارچ میں نکلو گے میرآ ساتھ دو گے ہاتھ اٹھا کر وعدہ کرو۔پنجاب والوں اگر بجلی چوری آٹا چوری ووٹ چوری سمیت مہنگائی سے جان چھڑوانا چاہتے ہو تو میرا ساتھ دو۔چند دنوں کی بات ہے نیازی سے جان چھوٹ جائے گی۔حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حمزہ رہا ہو گا تو ہم ایک اور ایک گیارہ ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق قانون میں ترمیم جعلی حکومت نہیں پارلیمنٹ کرسکتی ہے، نوشہرہ میں عوام نے مسلم لیگ ن کو اکثریت سے ووٹ دیا، اب ہار پر خفت چھپانے کیلئے مخالفت کی باتیں کی جا رہی ہیں، نوشہرہ میں ہم نے انہیں گھر میں گھس کے مارا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ہے، عمران خان کے اراکین اسمبلی بھاگ رہے ہیں، آج پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے تو شو آف ہینڈ یاد آگیا، کسے بیوقوف بنارہے ہیں۔ہم آپ کو نظریں جھکا کر گزرنے نہیں دیں گے، آپ کو بے نقاب کریں گے، سپریم کورٹ کو پہلے بھی درخواست کرچکی ہوں، یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے، آپ پارٹی نہ بنیں، عدالت کوئی فیصلہ دیتی ہے تو عوام اسے جانبدار سمجھے گی، اسٹیبلیشمنٹ اگر غیر جانبدار نہیں تو اسے غیر جانبدار ہونا پڑے گا۔پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز کی ضمانت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ رہا ہو گا تو ہم ایک اور ایک گیارہ ہو جائیں گیحمزہ اور ن لیگ کے ساتھ جو کیا گیا اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے، براڈ شیٹ جعلی حکومت کو بے نقاب کر رہا ہے۔
مریم نواز

مزید :

صفحہ اول -