سندھ ہائیکورٹ، پی ٹی آئی کے سینیٹ الیکشن کیلئے امیدوارسیف اللہ ابڑو اہل قرار، ایم کیو ایم کے رﺅف صدیقی کی درخواست مسترد

سندھ ہائیکورٹ، پی ٹی آئی کے سینیٹ الیکشن کیلئے امیدوارسیف اللہ ابڑو اہل ...
سندھ ہائیکورٹ، پی ٹی آئی کے سینیٹ الیکشن کیلئے امیدوارسیف اللہ ابڑو اہل قرار، ایم کیو ایم کے رﺅف صدیقی کی درخواست مسترد

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹ الیکشن کیلئے پی ٹی آئی امیدوار سیف اللہ ابڑو کو اہل قرار دیدیاجبکہ ایم کیو ایم کے رﺅف صدیقی کی درخواست مسترد کردی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے امیدوار سیف اللہ ابڑو اور ایم کیو ایم کے رﺅف صدیقی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، سندھ ہائیکورٹ نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی جبکہ ایم کیو ایم کے رﺅف صدیقی کی درخواست مسترد کردی ۔

اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے ٹیکنوکریٹ کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔

الیکشن ٹریبونل کا کہنا تھا کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف اپیل میں لگائے گئے اعتراضات ثابت ہوچکے ہیں اور وہ ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں، سیف اللہ ابڑو نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی استدعا منظور کرلی اور انہیں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

واضح رہےکہ سینیٹ الیکشن کے لیے سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ دیے جانے پر شدید تحفظات سامنے آئے جس پر پی ٹی آئی نے ان سے سینیٹ کا ٹکٹ واپس لے لیا جب کہ لیاقت جتوئی نے الزام عائد کیا تھا کہ سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ روپے کے عوض ٹکٹ دیا گیا ہے۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -