’ن لیگ والے مٹھائی کھانے میں جلدی کردیتے ہیں‘ عثمان ڈار کا طنز لیکن آگے سے لیگی امیدوار نوشین افتخار نے کیا کہا؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد فیصلہ سنائے جانے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے عثمان ڈار اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نوشین افتخار کے درمیان مٹھائی کے معاملے پر دلچسپ مکالمہ ہوا۔
تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا ن لیگ والے مٹھائی تو نہیں لے آئے؟ ن لیگ مٹھائی کھانے میں جلدی کردیتی ہے۔عثمان ڈار کے طنز پر ن لیگ کی نوشین افتخار نے کہا کہ فیصلہ آئے گا تو مٹھائی ہم ہی کھلائیں گے۔
خیال رہے کہ این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں امن و امان کی صورتحال سمیت پریزائڈنگ افسران کے غائب ہونے کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 75 پر 18 مارچ کو دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے۔