این اے 75 کا الیکشن کالعدم ہونے کے بعد محمد زبیر نے بڑا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ این اے 75 میں دھاندلی کی سازش کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 75 کا انتخاب کالعدم قرار دیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ یہ پولنگ والے دن رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، انہوں نے دھاندلی کے وہ حربے اختیار کیے کہ الیکشن کمیشن بھی حیران ہوگیا، ایسی فضا پیدا کی گئی کہ لوگوں کیلئے ووٹ ڈالنا مشکل ہوگیا۔ الیکشن کمیشن نے این اے 75 کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا ہے لیکن سازش کرنے والوں کے خلاف بھی فیصلہ آنا چاہیے کیونکہ جب تک ان کے نام سامنے نہیں آئیں گے تب تک انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا آج سب نے دیکھ لیا کہ 2018 میں کیا کچھ ہوا، پوری قوم نے دیکھ لیا کہ یہ کس حد تک جا سکتے ہیں، اگر ہم نے مصلحت اختیار کرنی ہوتی تو اپنی جنگ اس حد تک نہ لے کر آتے، جب عمران خان کے خلاف کریمنل پروسیڈنگ ہوگی تو تمام ثبوت پیش کریں گے ، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ہماری پہلی فتح ہوچکی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں مقابلے سے پہلے ہی آج کے فیصلے سے ووٹ عدم اعتماد ہوگیا ہے، تین مارچ کو سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف اور حفیظ شیخ کا جنازہ نکلے گا۔
خیال رہے کہ این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں امن و امان کی صورتحال سمیت پریزائڈنگ افسران کے غائب ہونے کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 75 پر 18 مارچ کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔