فیٹف کا جون تک پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ 

فیٹف کا جون تک پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ 
فیٹف کا جون تک پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو جون 2021 تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ سنادیا۔ فیٹف کے صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کارکردگی بلیک لسٹ میں جانے والی نہیں ہے ۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ جون میں کیا جائے گا۔

فیٹف کے  22 سے 24 فروری تک جاری رہنے والے ورچوئل پلینری اجلاس کے بعد آج پاکستان کے بارے میں فیصلہ سنادیا گیا۔ فیٹف نے پاکستان کو جون 2021 تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تب تک فیٹف کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

فیٹف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان نے فیٹف کے 27 میں سے 24 پوائنٹس پر عمل کرلیا ہے۔ پاکستان نے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کاؤنٹر ٹیرر فنانسنگ کے حوالے سے بہتر کام کیا لیکن ٹیرر فنانسنگ کے ضمن میں خامیاں پائی گئی ہیں۔پاکستان نے لسٹڈ افراد اور ان کے اثاثوں کو نہ صرف ایک سے دوسری جگہ منتقل ہونے سے روکا بلکہ ان کو تحویل میں بھی لیا۔

فیٹف کے صدر ڈاکٹر مارکس پلیئر  کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اچھی کارکردگی دکھائی  اور 27 میں سے 24 اہداف پرزبردست کام کیا۔ پاکستان اپریل کے اجلاس میں زیر غور نہیں آئے گا۔پاکستان جون کے اجلاس تک باقی کے نکات پر بھی عملدرآمد یقینی بنائے۔ 

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مسلسل اچھی کارکردگی دکھائی ہے جس کو سب نے سراہا ہے، پاکستان کی کارکردگی بلیک لسٹ میں جانے والی نہیں ہے۔  پاکستان کے بارے میں جون میں فیصلہ کیا جائے گا۔