برطانیہ میں مسجد کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا 

برطانیہ میں مسجد کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا 
برطانیہ میں مسجد کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا 

  

لندن (مجتبیٰ علی شاہ )برطانیہ کے علاقے بریڈفورڈ کی سینٹرل مسجد ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کردگئی، مسلم کمیونٹی نے وبا کے خلاف حکومتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔

جمعیت تبلیغ الاسلام بریڈفورڈ کی سنٹرل مسجد ویسٹ گیٹ کمیونٹی کے لیے کوویڈ 19 ویکسی نیشن سنٹر بن گئی۔ 18 فروری کوشہر کے مرکز میں واقع یہ مرکزی مسجد ویکسی نیشن کے لیے کھولی گئی جبکہ ویکسی نیشن کا دوسرا سیشن بھی 25 فروری کواسی مسجد میں ہو گا۔ اس سے قبل کیتھلے کی جامع مسجد میں بھی ویکسی نیشن کے سیشنز ہوئے جن میں سینکڑوں افراد نے حصہ لیا۔

 اس کا مقصد مسلمانوں میں ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں اور افواہوں کو دور کرنا اور اس خطرناک وبا کے خلاف ویکسین کی اہمیت کو اجاگر کرناہے۔ بریڈفورڈ میں اس بڑے اقدام کی ابتدا کا سہرا بریڈفورڈ کونسل آف مساجد کو جاتا ہے جو کورونا وائرس کے خلاف ضروری روک تھام کے اقدام کے طور پر ویکسین مہم کو تیز کرنے اور اس میں اضافے کے لیے مقامی ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے شہر بھر میں ویکسین پر اعتماد بڑھانے میں مدد ملے گی۔

 بریڈ فورڈ کونسل برائے مساجد کی جانب سے ویکسینوں کے بارے میں مثبت معلومات اورعوام میں اعتماد اور یقین دہانی فراہم کرنے اور خطرے میں پڑنے والے تمام گروپوں میں شامل ہونے کی حوصلہ افزائی کے لئے شروع کیے گئے اقدامات کے سلسلے کا ایک حصہ ہے۔ 

ایسے افراد جو سینٹر تک نہیں آسکتے ان کے لیے ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ نیشنل ہیلتھ سروس بریڈفورڈ میں ایسے افراد جو ویکسی نیشن سینٹر نہیں پہنچ سکتے، ان افراد کے لئے گھر میں بھی ویکسی نیشن سروس فراہم کررہا ہے۔ اس موقع پر بیرونس سعیدہ وارثی نے بریڈفورڈ کی سینٹرل مسجد کا دورہ کیا اور ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نیشنل ہیلتھ سروس کو کوروناوائرس کے خلاف زبردست اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ اس وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے قومی ہیرو ہیں۔ انہوں نے مساجد میں ویکسین سینٹر کھولے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس وبا کے خلاف نیشنل ہیلتھ سروس اور حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔

مزید :

بین الاقوامی -