چینی صدر کا روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ، بات چیت سے مسائل حل کرنے پر زور
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے صدر شی جن پنگ نے روس سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ بات چیت سے مسائل حل کرے۔
شی جن پنگ نے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر یوکرین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ مشرقی یوکرین میں صورت حال تیزی سے تبدیل ہوئی ہے، چین یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ سرد جنگ کے زمانے کی ذہنیت ترک کی جائے اور تمام ملکوں کے قومی سلامتی کے حوالے سے تحفظات پر توجہ دے کر پورے یورپ کیلئے ایک متوازن سیکیورٹی میکانزم تشکیل دیا جائے۔
اس موقع پر صدر پیوٹن نے چینی ہم منصب کو بتایا کہ امریکہ اور نیٹو طویل عرصے سے روس کے تحفظات کو نظر انداز کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس اب بھی یوکرین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔