کراچی آرٹس کونسل سندھ تک محدود 

کراچی آرٹس کونسل سندھ تک محدود 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سندھ ہائیکورٹ کے سکھر بنچ نے کراچی آرٹس کونسل کو سندھ سے باہر دیگر صوبوں اور بیرون ملک ثقافتی پروگرام کرنے سے روک دیا ہے۔درخواست گذار نے استدعا کی تھی کہ سندھ کا اپنا ثقافتی ورثہ تباہ ہورہا ہے اور کئی لائبریریاں بند ہورہی ہیں جبکہ آرٹس کونسل کراچی کی انتظامیہ، سندھ کے ثقافتی بجٹ کو دیگر صوبوں میں جا کر خرچ کرنے کا اعلان کررہی ہے۔ یاد رہے کہ اِس میں حال ہی میں لاہور میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول منعقد کیا گیا تھا۔سندھ ہائیکورٹ، سکھر بنچ کے دو رْکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ محکمہ ثقافت سندھ دیگر صوبوں کے علاوہ لندن، پیرس اور کینیڈا سمیت بیرون ممالک بھی پروگرام منعقد نہیں کرسکتا۔ یاد رہے کہ آرٹس کونسل کراچی کی انتظامیہ نے اپنے قوانین میں ترمیم کی تھی کہ آرٹس کونسل ملک کے دیگر صوبوں کے علاوہ بیرون ملک بھی ثقافتی پروگرام کرے گی تاہم یہ ترمیم اب سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد غیر مؤثر ہوجائے گی۔ کراچی کے ادبی اور علمی حلقوں کی جانب سے اِس اُمید کا اظہار کیا گیا ہے کہ عدالت کے اِس فیصلے کے بعد کراچی کے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی گرانٹس کو مقامی فنکاروں، ادیبوں، مصوروں، شاعروں اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والوں پر ایمانداری سے خرچ کیا جا ئے گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -