فی ٹرپ8 سے10 ہزار روپے ملتے لیکن ’ٹائٹل‘ دینے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ لیاری گینگ کے گرفتار بھتہ خور نے انکشافات کردیئے

فی ٹرپ8 سے10 ہزار روپے ملتے لیکن ’ٹائٹل‘ دینے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ لیاری گینگ ...
فی ٹرپ8 سے10 ہزار روپے ملتے لیکن ’ٹائٹل‘ دینے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ لیاری گینگ کے گرفتار بھتہ خور نے انکشافات کردیئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (این این آئی) شہر قائد میں کلاکوٹ پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں 2ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایک ملزم نے ویڈیو بیان میں کئی انکشافات کئے ہیں، ملز م نے بتایا ہمیں فی ٹرپ 8سے 10 ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے ملتے ہیں،بھتہ نہ دینے پر وصی اللہ لاکھو ٹائٹل دینے کا کہتا ہے جس کا مطلب تاجر کو ڈرانا یا دھمکانا ہوتا ہے اور ہم تمام افراد کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے دو بھتہ خور عرفان میمن اور جان محمد جانی کو گرفتار کیا تھا، عرفان میمن کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ گینگ وار وصی اللہ گروپ کا اہم کارندہ ہے۔ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے بتایا کہ ملزم عرفان میمن نے کچھ عرصے قبل بغدادی میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی تھی، سی سی ٹی وی میں بھی اسے دیکھا جا سکتا ہے، عرفان بھتہ خوری کا منظم نیٹ ورک بنا رہا تھا  اور بھتہ خوری اور فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ملزم کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں اس نے اعتراف کیا میں وصی اللہ لاکھو کے لیے کام کرتا ہوں، اور کراچی میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیتا ہوں، بھتہ نہ دینے پر وصی اللہ لاکھو ٹائٹل دینے کا کہتا ہے۔

عرفان میمن نے بتایا ٹائٹل کا مطلب تاجر کو ڈرانا یا دھمکانا ہوتا ہے، کارروائی سے پہلے ماسک اور ٹوپی لگا کر کسی جگہ بھیجا جاتا ہے، وہاں دوسرے لڑکے بھی ایسا ہی حلیہ بنا کر آ جاتے ہیں، اور پھر ہم سب مل کر جاتے ہیں اور تاجر کو ڈراتے دھمکاتے ہیں۔اس نے کہا ہم تھوڑی سی گولیاں چلاتے ہیں اور بھائی سے رابطے کا کہتے ہیں، اور کہتے ہیں اگلی مرتبہ سر پر گولیاں مار کر جائیں گے۔ اس نے مزید بتایا ہمیں فی ٹرپ 8 سے 10 ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے ملتے ہیں، ہم سب ڈکیتی اور ٹچ کا پروگرام بھی کرتے ہیں، اور ہم تمام افراد کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔