کراچی میں نشئی کو ایڈونچر کرنا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل

کراچی میں نشئی کو ایڈونچر کرنا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل
کراچی میں نشئی کو ایڈونچر کرنا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی میں نشے کے عادی شخص کو ایڈونچر کرنا مہنگا پڑ گیا،بجلی کی کیبل چوری کرنے کے لئے بند کورنگی کریک نالے میں اترا اور پھر پھنس گیا جس کے بعد کے الیکٹرک ٹیم  پہنچی اور اسے باہر نکالا گیا،ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کے الیکٹرک کی ٹیم بجلی کا کیبل چیک کر رہی ہے کہ اس دوران انہوں نے بند نالے کے اندر ایک شخص کو دیکھا جو نالے میں پھنسا ہوا تھا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق نشے کے عادی افراد کیبلز اور دیگر سامان کباڑیوں کو سستے داموں فروخت کردیتے ہیں، یہ نشئی بھی مبینہ طور پر زیر زمین کیبل چوری کرنے کے لئے نالے کے اندر گھس گیا ۔اس ایڈونچر کے دوران وہ بری طرح سے پھنس گیا۔کے الیکٹرک کے مطابق واقعہ کورنگی کریک میں واقع نجی یونیورسٹی کے قریب پیش آیا ،کے الیکٹرک کے مطابق زیر زمین کیبل میں آگ کی اطلاع پر کے الیکٹرک کا عملہ کورنگی میں واقع نالے کے مقام پر پہنچا جس پر علم ہوا کہ قریب ہی زیر زمین ٹرنچ نما جگہ پر ایک منشیات کا عادی شخص پھنسا ہوا ہے، کے الیکٹرک کے عملے نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے شخص کو اس زیر زمین جگہ سے بغیر کسی نقصان کے نکال لیا۔

رپورٹ کے مطابق متعدد واقعات میں بجلی کی تار چوری کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے کئی افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں،نشے کے عادی افراد گٹر کے ڈھکن،پلوں کے سریے ،گھروں میں لگی موٹریں،سڑک پر لگے جنگلوں ،گاڑیوں کے سائیڈ مرر اور بہت سے چیزیں نشے کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے چوری کرتے ہیں ۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ  شہر میں کام کرنے والے کباڑی ان نشے کے عادی افراد سے رابطے میں ہوتے ہیں اور شہریوں کی چرائی گئی اشیاء ان سے سستے داموں خرید لیتے ہیں۔