پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کی سیریز 15فروری سے شروع ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بھارت کی بلائینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 15 فروری کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے ہو گا۔ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے سیکرٹری بلال ستی کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے میچز لاہور فیصل آباد کے مقام پر جبکہ ون ڈے سیریز کے تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت بلائینڈ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 15 فروری کو لاہور جبکہ اگلے دونوں میچز 16 اور 17 فروری کو فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 19 فروری، دوسرا میچ 21 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 23 فروری کو کھیلا جائے گا۔