خوشاب میں دھاندلی سے ن لیگ کا امیدوار جیتا،محمود الرشید

خوشاب میں دھاندلی سے ن لیگ کا امیدوار جیتا،محمود الرشید

  

لاہور( سپیشل رپورٹر)اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ( ن) لیگ ملک میں دھاندلی کی بانی جماعت ہے‘ جھرلو سے اقتدار میں آنیوالے حکمران اب بھی جھرلو کی سیاست کرتے ہیں‘ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے‘ پی ٹی آئی خوشاب کے ضمنی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف ہر فورم پر جائے گی اور حکمرانوں کو بے نقاب کیا جائیگا۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ 11 مئی کو بھی پنجاب میں بدترین دھاندلی کر کے ن لیگ اقتدار میں آئی اور اس کے بعد بھی ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا سلسلہ رکا نہیں بلکہ خوشاب میں سب سے بڑی دھاندلی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ ہم 11 مئی اور ضمنی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اس پر بھر پور آواز بلند کرینگے اور حکمرانوں کے اصل چہرے کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب میں ہونیوالی دھاندلی کا ضرور نوٹس لینا چاہئے اور ان تمام کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے عوام کے حق پر ڈاکہ مارتے ہوئے خوشاب میں دھاندلی سے ن لیگ کے امیدوار کو کامیاب کروایا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -