بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی ،اعجازچوہدری
لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان تحرےک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے پارٹی آفس میں ویسٹ ریجن کے اضلاع ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ اور فیصل آباد کے جائزہ اجلاس میں شرکت کرنے والے ضلعی عہدیداران و ٹکٹ ہولڈرز و ممبرز قومی وصوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں یکسوئی کے ساتھ تنظیمی ورک جاری وساری رکھیں زیادہ سے زیادہ پارٹی کارکنوں کو یونین کونسل کی سطح پر متحرک کریں ، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے نچلی سطح پر کارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری رکھیں ، جہاں ضلعی سطح پر تنظیمی عہدے خالی ہیں مشاورت سے ان ناموں کو حتمی شکل دے کر صوبے کو بھجوا دیں ۔ تمام ضلعی سطح پر ریجنل صدور و جنرل سیکرٹریز تنظیمی دورے کریںگے اور ہر ضلع و تحصیل سطح پر بلدیاتی کنونشن منعقد کئے۔جائیںگے۔بلدیاتی کنونشن سے صوبائی قیادت خطاب کرے گی ۔تحریک انصاف جھنگ کے ضمنی انتخابات میں اپنا مضبوط امیدوار میدان میںاتارے گی ۔ اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ خوشاب کے الیکشن میں پنجاب حکومت نے جھرلو پھیرا ہے اور دھاندلی سے یہ سیٹ جیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے گی ۔ تمام عہدیداران پارٹی کے پیغام کو نچلی سطح تک پھیلائیں اور اپنی تمام تنظیموں کو گراس روٹ تک مضبوط اور فعال بنائیں۔ اجلاس میں تمام ضلعی صدور نے تنظیمی رپورٹیں صوبائی صدر کو پیش کیں۔ اجلاس سے نائب صدر پنجاب چوہدری اشفاق ، ویسٹ ریجن کے صدر و ایم این اے رائے حسن نواز ، جنرل سیکرٹری فیض اللہ کموکا ، ایم پی اے شیخ خرم شہزاد، ضلعی صدر فیصل آباد رانا راحیل منہاس، ضلعی صدر جھنگ ملک زاہد حسین ،ضلعی صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر وحید اکبر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جھنگ سے سابقہ ناظم محمد علی سیال ایڈووکیٹ نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اعجازاحمدچوہدری نے جھنگ کے پارٹی وفد سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے موقع پر ضلعی صدر ملک زاہد اقبال نے تفصیل سے بریف کیا ۔ تحریک انصاف جھنگ میں ایک یونین کونسل کو ماڈل یونین کونسل بنانے کے لئے عملی کوششوں کا آغازکیا ہے اور ہم پنجاب کی سطح پر ضلع جھنگ میں ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کریںگے۔ جلد ضلعی سطح پر پارٹی ممبر شپ کا بھی آغاز کیا جائے گا اور پی پی 81 جھنگ میں خالی ہونے والی نشست پر تحریک انصاف اپنا مضبوط امیدوار سامنے لائے گی جس کے لئے ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے حلقے میں رابطہ مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے ۔اجلاس میں عندلیب عباس ، ثوبیہ کمال، عامر مجید ، نعیم اسلم ، طاہر خان،محمد علی چوہدری، معین اختر ، یوسف خان بلوچ، علی عباس خان کمیانہ ایڈووکیٹ، نوید امجد ، حسن مرتضےٰ ، جام مشتاق، ملک امجد اسلام امجد ، رائے علی قاسم ، محمد کاشف ، زاہد اقبال، صفدر واہلہ ، مصطفےٰ چٹھہ ، خلیفہ کاشف ، فرخ حبیب، وقاص طور،چوہدری ثناءاللہ جٹ، نذر بلوچ، ارشد فاروق، رانا جاوید اشرف ، رانا ندیم احمد سمیت ریجن ، ضلع ، تحصیل ، ایم این اے ، ایم پی اے اور ٹکٹ ہولڈرنے شرکت کی ۔
اعجاز چودھری