بدقسمتی سے ہمارے ملک پینے کا صاف پانی میسر نہیں ،چودھری سرور

بدقسمتی سے ہمارے ملک پینے کا صاف پانی میسر نہیں ،چودھری سرور

  

لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاﺅس لاہور میں کوکا کولا کمپنی کی ریجنل ہیڈ مس ثمن قدیر اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ ظفر عباس جعفری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر پنجاب کے کوارڈینیٹر اکمل حبیب بھی موجود تھے۔اس موقع پر کوکا کولاکمپنی کی جانب سے مختلف علاقوں میں 5فلٹریشن پلانٹس لگانے کے حوالے سے کوکا کولا کمپنی اور گورنر پنجاب کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اس وقت پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے عام آدمی اور بالخصوص بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس حوالے سے حکومت مختلف علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیبات پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا عوامی ضرورت کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے صاحب حیثیت افراد کو چاہئے کہ وہ آگے آئیں اور اپنی مدد آپ کے تحت اپنے علاقوں میں صاف پینے کے فلٹریشن پلانٹس لگائیں۔بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاﺅس لاہور میں ایلومینائی ایسوسی ایشن یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل نے ایسوسی ایشن کے صدر مدثر مسعود چوہدری کی سربراہی میں ملاقات کی اور تعلیم و صنعت و تجارت سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں رشید خالد، توقیر ملک، نعمان اکبر، اویس خان، مصطفیٰ بلال، رضوان احمد، محمد ریحان، جہانزیب ملک، ملک خالد اور ماریہ توقیر شامل تھے۔ وفد نے گورنر پنجاب سے انڈومنٹ فند، سٹوڈنٹس سکالر شپ اور یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی انٹرنشپ اور جاب کے مشرکہ امور کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول پر خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت پور ے ملک میں یکساں نظام تعلیم کی ضرورت ہے اس سے بے شمار تعلیم سے متعلقہ مسائل پر قابو پا یا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علماءاکرام اور مکاتب فکر کے لوگ بھی اس بات پر متفق ہیں کہ پورے ملک میں ایک جیسا تعلیم نظام قائم ہو۔ گورنر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کم از کم میٹرک تک امیر اور غریب تمام بچوں کو یکساں تعلیمی سہولتیں میسر آنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹرز کو حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -