بھارت کا لولی پاپ ، آئی سی سی ٹرائیکا کی حمایت کے بدلے پاکستان کیساتھ سیریز کھیلنے کی پیشکش

بھارت کا لولی پاپ ، آئی سی سی ٹرائیکا کی حمایت کے بدلے پاکستان کیساتھ سیریز ...
Patel
کیپشن: Sanjay

  

ممبئی(خصو صی رپورٹ)بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری سنجے پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان سے نیوٹرل مقام پر کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہیں،بھارتی ٹیم 2015ءتک مصروف ہے مگر پاکستان سے سیریز کے لیے وقت نکالا جا سکتا ہے ۔ سنجے پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ یو اے ای سمیت کسی بھی مقام پر سیریز کھیل سکتے ہیں۔ دریں اثناءبھارت نے پاکستان کے ساتھ نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے کی پیشکش کردی ہے جس کے بدلے میں آئی سی سی پر قبضے کے لیے ووٹ مانگنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی محبت بھی جاگ اٹھی۔ جائلز کلارک نے خط لکھا ہے کہ آئیے ذکاءاشرف صاحب سیریز کھیلنے کے لیے بات کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے انتظامی ڈھانچے میں مجوزہ ترامیم کے معاملے پر پاکستان غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ بھارت کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے دوستانہ بڑھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائیلز کلارک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف سے رابطہ کرکے ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، امکان ہے کہ دونوں کے درمیان 28جنوری کو آئی سی سی میٹنگ کے دوران یہ ملاقات ہو جس میں انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کو دو طرفہ سیریز کھیلنے کی پیشکش بھی کی جاسکتی ہے۔ جائیلز کلارک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو عہدے پر بحال ہونے کی مبارکباد بھی دی۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -