چنے کی بھرپور پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی، سنڈیوں، کیڑوں پر کنٹرول انتہائی ضروری ہے، محکمہ زراعت

چنے کی بھرپور پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی، سنڈیوں، کیڑوں پر کنٹرول ...

راولپنڈی (این این آئی) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے کہا ہے کہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے اور پنجاب میں چنے کا تقریباً 92فیصد رقبہ بارانی علاقوں پر مشتمل ہے۔چنے کی فصل کو جڑی بوٹیاں پیازی، باتھو، کرنڈ، چھنکنی بوٹی، رت پھلائی، دمبی سٹی، لیہلی اور ریواڑی نقصان پہنچاتی ہیں۔ بارانی اور ریتلے علاقوں میں وتر کی کمی کی وجہ سے جڑی بوٹیاں فصل کےلئے موجود نمی اور خوراک کا زیادہ تر حصہ استعمال کرلیتی ہیں جس سے چنے کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ ریتلے علاقوں میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے ہاتھ سے چلنے والی رویٹری بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔

 ترجمان کے مطابق چنے کی فصل سے بھرپور پیداوار کے حصول کےلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی، سنڈیوں اور کیڑوں پر کنٹرول انتہائی ضروری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اگر فصل پر دیمک یا ٹوکے کا حملہ نظر آئے تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے امریکن سنڈی حملہ آور ہو سکتی ہے لہٰذا کاشتکار چنے کے کھیت کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور حملہ کی صورت میں سفارش کردہ زہر کے سپرے سے بروقت تدارک کریں۔

مزید : کامرس