لبنان میں مسلح افراد کا حملہ، متعدد فوجی ہلاک
بیروت( کے پی آئی)شام کی سرحد کے نزدیک واقع لبنان کے علاقے میں مسلح افراد کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد لبنانی فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق لبنانی فوجی ذرائع نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ لڑائی میں متعدد لبنانی فوجیوں نے شہادت پائی ،وہ زخمی بھی ہوئے ہیں اور ہم نے متعدد حملہ آوروں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے مگر ان ذرائع نے فوجیوں اور حملہ آوروں کی ہلاکتوں کی حتمی تعداد نہیں بتائی ہے اور نہ یہ بتایا ہے کہ کتنے افراد زخمی ہوئے \'\'۔ایک سکیورٹی ذریعے کا کہنا تھا کہ شام کی وادی قلمون کی جانب سے آنے والے قریبا دو سو مسلح افراد نے راس بعلبک کے پہاڑی علاقے میں لبنانی فوج کی ایک چوکی پر حملہ کیا تھا جس کے بعد ان کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی تھی۔لبنانی فوج نے راس بعلبک میں \'\'عسکریت پسندوں\'\' کے حملے کی تصدیق کی ۔واضح رہے کہ گذشتہ سال اگست میں بھی شام میں صدر بشارالاسد کی وفادار فوج کے خلاف برسرپیکار مختلف جہادی گروپوں سے تعلق رکھنے والے جنگجوں نے لبنان کے مشرقی علاقے میں واقع قصبے عرسال اور اس کے نواح میں پولیس اور فوج کی چوکیوں پر حملہ کردیا تھا۔انھوں نے القاعدہ کی شامی شاخ النصر محاذ سے وابستہ ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد وادی بقاع میں دھاوا بولا تھا۔