پولیس کا معصوم بچوں پر تشدد شرمناک اور قابل مذمت ہے،ناصر رمضان
لاہور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے سرکاری سکو ل تحویل میں لیے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے معصوم بچوں اور ان کی ماﺅں پرمذاکرات کی بجائے پولیس کی جانب سے ان پر تشدد اور لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے سکول کے معصوم بچوں اور خواتین پر تشدد اور لاٹھی چارج شرمناک فعل ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس سے قبل پولیس کے ہاتھوں سانحہ منہاج القرآن ماڈل ٹاﺅن میں مرد و خواتین سمیت درجنوں افراد شہید ہوئے ۔شہدا ءکی روحیں اور ان کے لواحقین انصاف کی طلبگار ہیں۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ اگر ماڈل ٹاﺅن سانحہ اور نابیناافراد پر تشدد کرنے والوں کو قرار واقعی سزائیں ملتی تو معصوم بچوں اور ان کی ماﺅں پرپولیس تشدد اور لاٹھی چارج نہ ہوتا۔انہوںنے کہا کہ معصوم بچوں پر لاٹھی چارج کرنے والے عقل کے اندھے ہیں پولیس معاشرے میں امن و امان اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہوتی ہے اگر اسے عوام پر تشدد کے خلاف استعمال کیا جائے گا تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوگا انہوںنے مطالبہ کیا کہ پولیس میں فی الفور اصلاحات کی جائیں تاکہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔