سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کی غائبانہ نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی
اسلام آباد(این این آئی)سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کی غائبانہ نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کردی گئی ¾مشیرخارجہ سرتاج عزیز سمیت مختلف ممالک کے سفیروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہفتہ کو سعودی عرب کے سابق فرمانرواشاہ عبداللہ کی غائبانہ نمازجنازہ وزیرمذہبی امورسردارمحمد یوسف نے پڑھائی،نماز جنازہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز،سعودی عرب،سوڈان ،صومالیہ، قطر اور عمان کے سفیر،اعلی حکومتی عہدیداراور سیاستدان شریک ہوئے،شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔شاہ عبداللہ کی غائبانہ نمازجنازہ کے موقع پر فیصل مسجد پرسکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ شاہ عبداللہ پاکستان کے مخلص دوست تھے اور ہر مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے رہے، توقع ہے شاہ سلمان کے دور میں بھی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔