تعلیمی اداروں کی سیکورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ آئیندہ تاریخ سماعت پر طلب

تعلیمی اداروں کی سیکورٹی اقدامات سے متعلق رپورٹ آئیندہ تاریخ سماعت پر طلب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                            لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے سکولوں کی سکیورٹی کے لئے 6 رہنما اصول فراہم کرتے ہوئے ان کی روشنی میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق رپورٹ آئندہ تاریخ سماعت پرطلب کرلی ہے۔مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ اور مسز جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پنجاب بھر کے سکولوں کی سکیورٹی کے نامکمل انتظامات کے خلاف زین سکندر ایڈووکیٹ کی درخواست پر رہنما اصول فراہم کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ حکومت تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کی سکیورٹی کے لئے مانیٹرنگ سسٹم پر سختی سے عمل کرے اور مانیٹرنگ ٹیموں کی تازہ ترین صورتحال آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کی جائے،ایسے تمام تعلیمی ادارے جن کو مزید سکیورٹی کی ضرورت ہو ان اداروں کو ڈی سی او دستیاب وسائل کے مطابق سکیورٹی مہیا کریں،پنجاب بھر کے سکولوں اور کالجز کی سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ سکیورٹی آڈٹ کمیٹی تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے مسلسل میٹنگز کرے ،مزید یہ کہ ڈسٹرکٹ سکیورٹی آڈٹ کمیٹی تعلیمی اداروںکی سکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہو گی۔سکیورٹی خدشات سے متعلق کسی بھی سکول انتظامیہ اور والدین کو شکایت ہو تو وہ متعلقہ ڈی سی او کو تحریری طور پر شکایت درج کروائے ،اس بابت ڈی سی او زکو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شکایات سن کر سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ طریقہ کار وضع کریں۔تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے قرار دیا گیا ہے کہ حکومت سکیورٹی کے حوالے سے فوری طور پرآگہی مہم شروع کرے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر سکیورٹی کی مد میں اٹھنے والے اخراجات کا بوجھ طلباءپر ہرگز نہیں ڈالا جائے گا۔اگر اس حوالے سے کوئی شکایت ہوئی تو متعلقہ ڈی سی او اس کا ازالہ کرے گا۔پنجاب بھر کے سکولوں کی سکیورٹی کے نامکمل انتظامات کے خلاف دائر درخواست پر بند کمرے میں سماعت ہوئی۔
سکیورٹی اقدامات

مزید :

صفحہ آخر -