ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کیلئے باعث شرم ہے،عاکف سعید

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کیلئے باعث شرم ہے،عاکف سعید

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے لیے باعث شرم ہے یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ تحریک ِ انصاف کی حکومت اور خاص طور پر وزیراعظم عمران خان ایک عرصہ دراز سے اپنے تئیں کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کررہے تھے لیکن اُن کے اپنے ہی دورِ حکومت میں کسی عالمی ایجنسی کا یہ رپورٹ دینا کہ 2019ء میں پاکستان میں کرپشن میں گذشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا ہے، یقینا اُن کے لیے انتہائی باعث ِ شرم و ندامت ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو اپنے قریبی ساتھیوں اور بیورو کریسی پرکڑی نگاہ رکھنی ہوگی۔ یہ ایک ناقابل تردید امرہے کہ مہنگائی کی وجہ سے اُن کی حکومت عوام میں بہت غیرمقبول ہو چکی ہے اور اُنھیں سخت عوامی ردّ عمل کا سامنا ہے۔

امیر تنظیم اسلامی نے افریقہ کے ایک اسلامی ملک گیمبیا کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جس نے تن تنہا کوشش کر کے عالمی عدالت انصاف میں میانمار کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے کہ حکومت میانمار اپنے ملک میں روہنگیا مسلمانوں پر مسلسل ظلم و ستم ڈھا رہی ہے اور اُن کی نسل کشی کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ افریقہ کے اِس چھوٹے سے ملک کی کوششوں کے نتیجہ میں عالمی عدالت انصاف نے یہ اعتراف کیا ہے اور فیصلہ دیا ہے کہ عدالت اُن الزامات پر مبنی یہ مقدمہ سننے کی مجاز ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ سعودی عرب، پاکستان، ایران، ترکی اورملائیشیا جیسے بڑے مسلمان ممالک بھی اِس حوالے سے آگے بڑھیں اور عدالت میں فریق بنیں تاکہ عالمی عدالت ِ انصاف پر پریشر میں اضافہ ہو اور میانمار حکومت کے مظالم کو روکا جا سکے۔اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ جنیوا کنونشن اور دیگر بین الاقوامی قوانین کے تحت میانمار پرپابندیاں لگائی جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1