ترقی و خوشحالی کیلئے قرآن و سنت پر عمل کرنا ہو گا،زاہد محمود قاسمی

ترقی و خوشحالی کیلئے قرآن و سنت پر عمل کرنا ہو گا،زاہد محمود قاسمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ اسلامی فلاحی ریاست میں قرآن وسنت پر عمل پیرا ہوکر وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ اسلامی ریاست کی جتنی نمایاں خصوصیات ہیں حکومت اور وزراء اس سے استفادہ حاصل کریں۔ اسوۂ رسول ؐ اور قرآن کے مطابق ہمیں اپنے آپ کو ڈھالنا ہوگا۔ معاشرے کا ہر فرد اپنا تعلق مسجد اور قرآن کے ساتھ مضبوط کرے۔ اسلام میں مساوات،عدل وانصاف اور امن کادرس ملتاہے۔ فرقہ واریت سے اجتناب کیا جائے۔ قرآن وسنت اور اصحاب ؓرسول کی پیروی ہی صراط مستقیم ہے۔ اسلام نے تکبر اور ظلم سے منع کیا ہے۔ اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے۔

او ر اس میں ہر طبقے کے متعلق ہدایات موجود ہیں۔ قرآن وسنت سے رہنمائی لی جائے۔ اپنا تعلق اپنے حقیقی خالق سے مضبوط کیا جائے۔ انسان اپنی ہر خواہش کو رب تعالیٰ کے حکم کے سامنے قربان کردے۔ آج معاشرے میں بے حیائی اور بے دینی کا جو سیلاب آیا ہے اس کو کنٹرول کرنے کیلئے مساجد اور قرآن سے رشتہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔دین اسلام سے دوری معاشرے میں بدسکونی اور فتنہ وفساد کاسبب ہے۔ اسلامی تعلیمات نے انسان پر صرف اپنی اصلاح کی ذمہ داری عائد نہیں کی بلکہ اپنے گھر والوں کی اور آل اولاد کی ذمہ داری بھی اس پر ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا دور دورہ ہے جبکہ دوسری جانب نوجوان نسل بگڑتی چلی جارہی ہے۔