بیروزگاری او ر مہنگائی نے تمام ریکارڈتوڑ دیے،ذکر اللہ مجاہد

بیروزگاری او ر مہنگائی نے تمام ریکارڈتوڑ دیے،ذکر اللہ مجاہد

  



لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران مہنگائی اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کے سونامی کیلئے تیار ہو جائیں۔ تبدیلی سرکار کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری میں سابقہ ادوار کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے اور حکومت کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے کھل کر آگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کال پر مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم,امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین،ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہورعبدالعزیز عابد,قائم مقام امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی لاہور غلام حسین بلوچ اور دیگر قائدین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ تبدیلی سرکار نے اقتدار سے قبل قوم سے کیے تمام وعدوں اور دعووں کے برعکس مہنگائی اور بے روزگاری کے ذریعے غربیوں کی کمر توڑ دی ہے۔

تبدیلی سرکار نے 18 ماہ میں 88 فیصد سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کرکے صنعتوں کا پہیہ جام کردیا ہے۔ بجلی اور پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں پچھلے ستر سالوں سے مفادات کی سیاست کرنے والے مافیا نے قوم کو مسائل اور بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے لوٹوں نے پہنچایا ہے جو اپنے لالچ اور مفادات کیلئے ملک و قوم کے ساتھ بے وفائی کرتے چلے آرہے ہیں اور آج بھی موجودہ حکومت میں اکثریت ایسے ہی افراد کی ہے جنہیں اپنے مفادات سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہمیشہ سے جماعت اسلامی نے کی اور آج قوم پر مہنگائی اور بے روزگاری کی جو نحوست چھائی ہے اور اس مہنگائی کے عذاب میں غریب اور عام آدمی کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1