فاروڈ بلاک کی افواہیں بالکل غلط آٹا بحران مصنوعی، ہماری حکومت مافیا کا مقابلہ کر رہی ہے:شاہ محمودقریشی

فاروڈ بلاک کی افواہیں بالکل غلط آٹا بحران مصنوعی، ہماری حکومت مافیا کا ...

  



ملتان(نیوز رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ دنیا (بقیہ نمبر7صفحہ12پر)

میں پاکستان کا امیج بہتر ہواہے اور پاکستان 2020ء میں نمایاں مقام پر آگیا ہے۔ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔ اس حوالے سے افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی۔ناراض اراکین نے فاروڈ بلاک بارے خود تردید کردی۔ اراکین اسمبلی کے جائز مطالبات پورے کریں گے۔حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ ہماری حکومت مافیا کا مقابلہ کررہی ہے۔وزیراعظم عمران خان مختلف شعوبو ں میں تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں لیکن مفاد پرست طبقہ راستے میں حائل ہے۔پنجاب حکومت نے کہا ہے آٹے کا بحران مصنوعی ہے چند منافع خور مصنوعی بحران پیدا کررہے ہیں اس پر جلد قابو پالیں گے۔ذخیرہ اندوزوں کو شکست دینے کیلئے سیل پوائنٹ بنائے لیکن سیل پوائنٹ پر آٹا لینے والا کوئی نہیں۔ تنقید مخالفین کا کام ہے۔ جنہیں تکلیف پہنچ رہی ہے وہ تنقید کررہے ہیں۔ تنقید سے گھبرانے والے نہیں ہمارے ناقدین نے تنقید کرنی ہے اور ہم میں تنقید سننے کا حوصلہ ہے۔برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں آنا پاکستان کی سیاحت میں مثبت پیش رفت ہے۔ دیگر ممالک بھی برطانیہ کی طرح ٹریول ایڈوائزری میں نظر ثانی کریں گے۔برٹیش ایئر ویز نے پروازیں بحال کی ہیں۔ اس فیصلے سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔ لوگ پاکستان آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ٹریول ایڈوائزری ایک رکاوٹ تھی اس سے سیاحت میں رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔اقوام متحدہ نے پاکستان کو دوبارہ فیملی سٹیشن کا درجہ دے دیا ہے۔ ٹریول ایڈوائزری میں آنا پاکستان کی سکیورٹی اور معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے۔اس سے ملکی سیاحت کو فائدہ پہنچنے گا۔ وزیراعظم پاکستان کی خواہش ہے سیاحت کی بدولت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا تو پاکستان میں نہ صرف روزگار میں اضافہ ہوگا۔ بلکہ ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں پی ٹی آئی رہنما راؤ محسن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار‘ خواتین ونگ کی رہنما قربان فاطمہ‘ سید بابر شاہ‘ شیخ طاہر ودیگر رہنما اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا خوش آئند بات ہے کہ آج ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اپنے نقاط رکھے جن کو بھارت کے سوا تمام ممالک نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ جو کام پچھلے 10سال میں نہ ہوا وہ 10ماہ میں ہوگیا۔بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان گرے لسٹ سے باہر آئے بلکہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔میں امید کرتا ہوں فروری کے مہینے میں پیرس میں منعقدہ ہونے والے اجلاس میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور سیاست کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کا دورے ڈیوس کامیاب رہا ہے۔ ڈیوس میں عمران خان کی بہترین نشستیں ہوئیں۔ غیر ملکی میڈیا نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ کو بھر پور کوریج دی۔ انہوں نے کہامقبوضہ کشمیر میں 176دن سے کرفیو ہے۔ بھارتی عوام حکومتی اقدامات سے نالا ں ہیں۔ بھارتی عوام نے آر ایس ایس کی سوچ کو مسترد کردیا ہے۔ بھارتی حکومت اس وقت بے پناہ دباؤ کا شکار ہے۔ بھارت میں کشمیری اور طلباء سراپا احتجاج ہیں۔ اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی موقف کی بھر پور تائید کی گئی ہے۔ معروف جریدے اکنامسٹ کاسرورق اس طرف اشارہ دے رہا ہے کہ بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہو رہا ہے۔سکیورٹی کونسل کے اجلاسوں سے ثابت ہوا کشمیر عالمی مسئلہ ہے۔ جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا ہوگا۔ 5اگست کے بعد کشمیر کا مسئلہ دنیا بھر میں اجاگر ہوا۔ اس سال5فروری کو پورا پاکستان کشمیریو ں کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا میرا ایران‘ سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کامیاب رہا۔کوشش تھی کہ امریکہ ایران کشیدگی کم ہو۔ پاکستان‘ سعودی عرب اور ایران میں غلط فہمیاں ختم کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہمارے سعودی عرب اور ایران سے دیرینہ تعلقات ہیں۔ امریکہ ایران کشیدگی میں واضح کمی آئی ہے۔ ہم نے دونوں ممالک کو واضح کہا ہے کہ خطہ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا امریکہ چاہتا ہے پاک بھارت مسائل حل ہوں۔ امریکہ نے ایک بار پھر ثالثی کی کوشش کی ہے لیکن بھارت امریکی ثالثی کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہامہنگائی کو روکنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں۔ ہمارے اقدامات کی بدولت ڈالر میں ٹھہراؤ آیا ہے اور روپیہ مستحکم ہوا ہے۔ ایکسپورٹ اور پروڈیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے یوٹیلی سٹور کو 7 ارب کی سبسڈی دی ہے۔ شہریوں کو درپیش مسائل کا احساس ہے۔ کرپشن کے باعث ملکی معیشت اور ملک کو نقصان پہنچا۔ سابقہ ادوار میں پاکستانی سرمایہ غیر قانوی طریقہ سے باہر بھیجا گیا جس سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت میں کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ کرپشن پر زیرو ٹالرنس اور خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا میڈیا اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ میڈیا کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ اور ہمیں پتہ ہے میڈیا جمہوریت کا اہم ستون ہے۔ ہم میڈیا کے ذریعے اپنی آواز عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ میڈیا سے تعلق برقرار رہے گا۔

شاہ محمود

مزید : ملتان صفحہ آخر