پاک، اٹلی دوستی سے دو طرفہ ثقافتی تعلقات بہتر ہورہے ہیں‘ شیخ احسن رشید

پاک، اٹلی دوستی سے دو طرفہ ثقافتی تعلقات بہتر ہورہے ہیں‘ شیخ احسن رشید

  



ملتان (نیوز رپورٹر) خطے کے نامور صنعت کار، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر،انٹرنیشنل ملٹی گروپ آف کمپنیز کے وائس چیئرمین اور شمع بناسپتی و کوکنگ آئل بنانے والے (بقیہ نمبر50صفحہ7پر)

ادارے حفیظ اینڈ جنرل ملز کے چیف ایگزیکٹو شیخ احسن رشید نے کہا ہے کہ پاک اٹلی دوستی ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے باسیوں کے لیے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں۔ تہذیبی اقدار کے تحفظ،ثقافت کی ترویج اور صحت کے شعبہ میں مثالی اقدامات اٹلی کی پاکستان سے مثالی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ اٹلی کے پاکستان میں سفیر مسٹر سٹیفینو پونٹی کورووکے اعزاز میں اپنی جانب سے دیئے گئے پروقار عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ہوٹل رمادا ملتان میں منعقدہ اپنی نوعیت کی منفرد تقریب میں معروف صنعتکاروں،سینئرصحافی وگروپ جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ پاکستان شوکت اشفاق،سینئر صحافیوں اور نامور سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور خطے کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار اور بطور صدر اٹالین پاک بزنس ایسوسی ایشن میگا پراجیکٹس لانے پر شیخ احسن رشید کی خدمات کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کے دوران شیخ احسن رشید نے اٹلی کے تعاون سے ملتان میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ برن سینٹر کو ناقابل فراموش تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بہاولپور میں ہونے والے اندوہناک حادثات کے بعد بری طرح جلنے اور جھلسنے والے مریض اسی سینٹر کی بدولت صحت یاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ والڈ سٹی پراجیکٹ ملتان کی تہذیبی شناخت کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ہمارے ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے کا باعث بھی بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک اٹلی دوستی کے باعث دوطرفہ ثقافتی تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہورہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں اٹلی کی جانب سے چند مزید اہم منصوبوں پر پیشرفت بھی ہوگی۔شیخ احسن رشید نے اٹلی کے سفیر کے ہمراہ موجود پوری ٹیکنیکل ٹیم کا منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نگرانی کے حوالے سے بھرپوردلچسپی لینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اٹلی کے سفیرمسٹرسٹیفینو پونٹی کوروو نے کہا کہ ملتان برن سینٹر اور والڈ سٹی پراجیکٹ اٹلی کی حکومت کی جانب سے ایسے ایسے قابل فخر منصوبے ہیں جو لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تہذیب و ثقافت کے فروغ کا باعث بھی بن رہے ہیں۔اٹلی کی حکومت خاص طور پر جنوبی پنجاب کی تعمیروترقی میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے مستقبل میں صحت، زراعت اور فارمنگ کے شعبوں میں مزید قابل ذکر اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نے کہا کہ شیخ احسن رشید کی انسان دوستی اور بہترین سماجی خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔اس حوالے سے بھی ان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس قدر اچھے اور محبت کرنے والے دوستوں سے ملاقات کرائی۔تقریب میں اٹلی کے سفیر کی اہلیہ نے بھی ان کے ہمراہ خصوصی طور پر شرکت کی اور تقریب میں موجود خواتین مہمانوں کے ساتھ خوب گپ شپ کی۔معزز مہمانوں کی پاکستان اور اٹلی کی لذیذ ڈشز سے تواضع کی گئی جبکہ انہیں گلدستے اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔ حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کے مارکیٹنگ ہیڈ محمد عمران اعظمی اور آئی ٹی ہیڈ محمد نوید ہاشمی انتظامی امور سرانجام دیتے رہے۔

شیخ احسن رشید

مزید : ملتان صفحہ آخر