وزیراعلی عثما ن بزدار کا مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کیخلاف بلا تفریق کریک ڈاؤ ن کا حکم

وزیراعلی عثما ن بزدار کا مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کیخلاف بلا تفریق کریک ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف صوبہ بھر میں بلاتفریق کریک ڈاؤن اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار رہ کر کام کرے پنجاب حکومت کی پوری سپورٹ ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اور امن و امان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ انتظامیہ اور پولیس میری ٹیم ہیں اورسب نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔۔ملاقات میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران صوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹس و سپیشل اکنامک زونز کے قیام، سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت، صوبائی فنانس کمیشن اور وزیراعظم کے ”کامیاب نوجوان پروگرام“ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ترقیاتی سکیموں پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 22 جنوری تک 187 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں اور مختلف منصوبوں پر 107 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ 42 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام کے تحت بھی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام ہوگا۔ منتخب نمائندوں کو ان کا جائز حق ہر صورت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم کے ”کامیاب جوان پروگرام“ کے تحت پنجاب میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی ترقی کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے قرضوں کی فراہمی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلاٹی 20 میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 سیریز کے آئندہ میچوں میں بھی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول