پاکستان اور جاپان کا دوطرفہ تعلقات مستحکم اور تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق

      پاکستان اور جاپان کا دوطرفہ تعلقات مستحکم اور تعاون مزید گہرا کرنے پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان اور جاپان نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ طویل شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی تجدید، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ اور تعلقات کی موجودہ رفتارپر اطمینان کااظہار کیاہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ روز پاکستان جاپان دوطرفہ سیاسی مشاورتوں کا 12واں دور منعقد ہوا جس میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود جبکہ جاپان کی طرف سے سینئر نائب وزیرخارجہ نے وفد کی قیادت کی۔دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق سیاسی مشاورتوں کو دوطرفہ تعلقات کامکمل جائزہ لینے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران دونوں اطراف نے پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ طویل شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی تجدید کا اعادہ کیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ مذاکرات میں تعلیم،ثقافت،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انسانی وسائل کی ترقی،عوام سے عوام تک کے رابطوں،سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقہ کار پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔اس دوران سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں میکرواکنامک استحکام،کریڈٹ ریٹنگ کی اپ گریڈیشن،کاروبار کے ماحول کو بہتر بنانا،ورلڈ بینک،ایز ڈوئینگ بزنس انڈیکس کی درجہ بندی بڑھانا،سرمایہ کاری اور سیاحت کوپوٹینشل کے مواقع کے حوالے سے جاپانی وفد کو آگاہ کیا۔اعلامیہ میں کہا کہ مذاکرات کے دوران دونوں اطراف نے سیاسی روابط کی اعلیٰ سطح،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے جاپانی حکمران کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کیلئے دورہ ٹوکیو اور اعلیٰ سطحی وفود کے مزید تبادلوں کے حوالے سے اطمینان کااظہار کیا۔مشاورت کے دوران عالمی اور علاقائی بدلتی صورتحال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ سیکرٹری خارجہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے غیر متزلزل حمایت سے متعلق بریف کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5اگست2019کو کئے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے منفی نتائج اور وہاں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے جاپانی وفد کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی بحران اور جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،خطے کی امن وسلامتی کو خطرے کے تناظر میں عالمی برادری کے اہم کردار اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے پر امن حل کے حوالے سے عالمی برادری کے کردار کے حوالے سے بھی بتایا۔سیکرٹری خارجہ نے جاپانی وفد کو مشرق وسطیٰ اور خطہ میں کشیدگی کم کرنے اور تمام سیاسی اور سفارتی حل کی کوششوں سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں اطراف نے پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیااور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اتفاق

مزید :

صفحہ آخر -