عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا،امتیاز شاگئی
بخشالی(نمائندہ پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابقہ ایم پی اے امتیاز شاہ گئی نے پارٹی رہنماؤں ذولفقار علی بھٹو،حاجی سلیم،نورالواہاب اور جاوید کے ہمراہ بخشالی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا. ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال سے خیبر پختون خواہ میں تحریک انصاف کی حکومت ہے جبکہ مسائل کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں. تبدیلی سرکار کے سینئر وزیر کے حلقے میں واقع آر ایچ سی بخشالی کا تعمیراتی کام گزشتہ کئی سالوں سے بند پڑا ہے جو ان کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی واضح مثال ہے. ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والوں کی اصلیت قوم جان چکی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ اپنی ساکھ بچانے کے لئے اب آپس میں لڑ رہے ہیں. امتیاز شاہ گئی کا کہنا تھا کہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے موجودہ حکومت سیاسی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے. سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو نیب کے ذریعے ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ میڈیا پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جو ایک آمرانہ سوچ کی عکاسی ہیں.