پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نیٹ ورک کے نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجزکا درجہ دے دیا گیا

پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نیٹ ورک کے نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجزکا درجہ دے ...

  



پشاور(سٹی رپورٹر) پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نیٹ ورک کے صوبہ بھر کے نرسنگ سکولوں کو پاکستان نرسنگ کونسل نے نرسنگ کالجز کا درجہ دے دیا ہے اس ضمن میں پاکستان نرسنگ کونسل اسلام آباد نے گزشتہ روز باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ روز ٹیوٹرز ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایچ ایس اے نیٹ ورک کے نرسنگ سکولوں کو پاکستان نرسنگ کونسل نے باقاعدہ طور پر نرسنگ کالجز کا درجہ دے دیا ہے جبکہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے بھی ان نرسنگ کالجز کا الحاق کردیاہے جوکہ پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو سنٹر آف ایکسیلنس بنانے کی جانب ایک اور قدم اور بہت اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی محکمہ صحت میں نرسنگ، پیرامیڈیکس اور دیگر شعبوں کی طبی تعلیم میں اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے ہیلتھ کیئر پروائیڈرز کو جدید دور کے مطابق نت نئی ٹریننگ بھی منعقد کروا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے تمام تر پروگرام کا مقصدایسی افرادی قوت پیدا کرنا ہے جو محکمہ صحت کی ترقی اورلوگوں کی خدمت کا باعث ہوں، انہوں نے مزید بتایا کہ پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نیٹ ورک میں موجود صوبہ بھر کے نرسنگ کالجز میں بہت جلدخیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے الحاق سے بی ایس سی نرسنگ پروگرام کیلئے داخلہ جلد شروع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام کالجز کی ٹیوٹرز کو ٹریننگ بھی کروا دی گئی ہے، انہوں نے محکمہ صحت کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم پیش رفت میں بھرپور کردار ادا کیا، انہوں نے آخر میں کہا کہ پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی محکمہ صحت کیلئے سنٹر آف ایکسیلنس کا درجہ رکھتا ہے اور اس ادارے کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر ایوب روز نے ٹریننگ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے

مزید : پشاورصفحہ آخر