ڈیرہ،پیشہ ورانہ کارکردگی پر پولیس افسران میں نقد انعامات تقسیم

    ڈیرہ،پیشہ ورانہ کارکردگی پر پولیس افسران میں نقد انعامات تقسیم

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر)حافظ واحد محمود نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں پولیس افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ا س حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ایک پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)حافظ واحد محمود نے کہا ہے کہ درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والے پولیس جوانوں کی کارکردگی سے پوری فورس کا وقار بلند ہوتا ہے۔انسداد جرائم، استحکام امن،تحفظ عامہ، قانون و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی مطمع نظر ہو تو پوری پولیسنگ کے مطلوبہ ا حداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جان ہتھیلی پر رکھ کر پیشہ وارانہ فرائض میں رول ماڈل کا کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور جوانان کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ڈی پی او ڈیرہ نے واضح کر دیا ہے کہ قانون و انصاف اورمیرٹ کی بالا دستی سے قطع نظر کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں لہٰذاپولیس افسران خوف خدا کو دل میں رکھتے ہوئے تمام معاشرتی تضاد ات اور وابستگیوں سے با لا تر اپنے پیشہ وارانہ فرائض عین عوامی تعلقات کے مطابق اد ا کریں۔انھوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ فیلڈ ورک میں عوام کے ساتھ قریبی روابط استوار کریں اور شائستہ رویہ اپناتے ہوئے کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔اپنی تمام توانائیاں صرف اور صرف انسداد جرائم،امن و امان کے قیام اور عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے بروئے کار لائیں۔ڈی پی او ڈیرہ نے انعام پانے والے پولیس افسران کو باورکرایا کہ پولیس فورس میں موجود ہ سزا و جزا ء کے عمل کو اس کی اصل روح کے مطابق عملی جامہ پہناتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے ہر رینک کے پولیس افسران و اہلکاروں کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کام چور اور فرائض منصبی میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو محکمہ سے نکال باہر کر کے ان کی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر نقد انعام اور اسناد پانے والے پولیس افسران میں ڈی ایس پی کلاچی ظہور خان، ایس ایچ او درابن انسپکٹر رمضان،ایس ایچ او صدر عابد اقبال، ایس ایچ او گومل یونیورسٹی ثناء اللہ، ایس ایچ او یارک عطاء اللہ، انچارج ڈی ایس بی صابر حسین اورہیڈ کنسٹیبل محمد زبیر شامل ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر