کشمیر متنازع علاقہ، مودی سرکاربھارتی آئین سے کھلواڑ کررہی ہے: نفیس زکریا ملیکا بخاری

کشمیر متنازع علاقہ، مودی سرکاربھارتی آئین سے کھلواڑ کررہی ہے: نفیس زکریا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(آئی این پی)برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا ہے کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،بی جے پی سرکار بھارتی آئین کو رول بیک کرتی ہوئی مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، فوجی محاصرے میں کشمیری لوگوں کی زندگیوں سے جو کھلواڑ کیا جا رہا ہے عالمی برادری اس پر توجہ دے، عالمی برادر ی،ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل پیپلز ٹریبونل برائے ہیو من رائٹس اینڈ جسٹس کشمیر کی رپورٹس کا جائزہ لے کر عملی اقدامات اٹھائیں،بیرسٹر ملیکا بخاری نے کہا مقبوضہ کشمیر زمین کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل بن چکی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے برطانیہ کی پارلیمنٹ میں منعقدہ سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کہی۔ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں منعقدہ سیمینار میں مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔ بین الاقوامی بار ایسوسی ایشن کے انسانی حقوق انسٹی ٹیوٹ کی ڈائریکٹر، بیرونس ہیلینا کینیڈی نے اس سیمینار کی میزبانی کی۔پارلیمانی سیکر یٹری قانون و انصاف، بیرسٹر ملیکا بخاری، برطانوی پارلیمنٹیرینز، سعیدہ وارثی، لارڈ قربان حسین، اسٹیو بیکر، مارک ایسٹ ووڈ،عمران حسین اور سکونا جولی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ نفیس زکریا نے 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں اور فوجی محاصرے میں زندگی گزارنے والے لوگوں کی حالت زار کی طرف عالمی برادری کی توجہ دلاتے ہوئے کہا ہندوستانی حکومت کی جانب سے میڈیا، انٹرنیٹ اور مواصلات کے دیگر ذرائع کو ختم کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بیرونی دنیا خوراک اور ادویات کی کمی کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع سے بے خبر ہے۔نفیس ذکریا نے سامعین سے کہا وہ عالمی حقوق اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں جیسے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل پیپلز ٹریبونل برائے ہیومن رائٹس اینڈ جسٹس کشمیر،ایسوسی ایشن آف پیرنٹس کی انسانی حقوق کی پامالیوں دستاویز کا مطالعہ کریں۔بیرسٹر ملیکا بخاری نے کہا گذشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزی بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ یہ بین الاقوامی قانون کے ساتھ ساتھ بھارتی آئین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ کشمیر کو زمین کی سب سے بڑی اوپن ایئر جیل قرار دیا۔
نفیس زکریا