تباہ شدہ مکانات کی سروے جلد مکمل کرینگے،حمید اللہ خٹک
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) درے محسود قبائل کا گرینڈ جرگہ ڈی سی کمپاؤنڈ جنوبی وزیرستان میں منعقد ہوا۔ سی ایل سی پی سروے کے حوالے سے منعقد ہونے والے جرگے میں ڈی سی جنوبی وزیرستان حمیداللہ خٹک، سیکٹر کمانڈر بریگیڈئیر امتیاز، بریگیڈئیر نیک نام سمیت قبائلی مشران ملک مسعود احمد،سابق سینٹر صالح شاہ،ملک حبیب محسود،ملک عنایت اللہ خان، ملک ہاشم، ملک اقبال، ملک کرامت اور دیگر نے شرکت کی۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خٹک نے کہا کہ تین ماہ کے دوران 75کروڑ کی خطیر رقم تباہ شدہ مکانات کے مالکان میں تقسیم کی ہے اور مزید 8000ہزار چیک مزید دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سروے میں رہ جانے والے تمام علاقوں کے سروے کوجلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائینگے۔انہوں نے کہا کہ اب تک تقریبا 12ارب روپے کی خطیر رقم تباہ شدہ مکانات کے مالکان میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر محسود قبائل کے سرکردہ مشران ملک عنایت اللہ خان نے درے محسود کے جرگے سے کہا کہ محسود قوم پہلے ہی کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس مسائل کا حل نہیں ہیں، سابق سینٹر صالح شاہ نے بھی ملک عنایت خان کی تائید کی اور کہا کہ جلسے جلوس سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزیدالجھ جاتے ہیں اورتاخیر کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان حمیدا للہ خٹک،سیکٹرکمانڈر بریگیڈئیر امتیاز حسین اور بریگیڈئیر نیک نام، محسود قبائل کی کمیٹی اور نوجوانوں کیساتھ ملکر باہمی مشاورت سے تباہ شدہ مکانات کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی بھرپور کوششیں کرینگے۔