کوہاٹ،غیر معیاری سی این جی سلنڈروں کیخلاف کریک ڈاؤن،جرمانے عائد

  کوہاٹ،غیر معیاری سی این جی سلنڈروں کیخلاف کریک ڈاؤن،جرمانے عائد

  



کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ ٹریفک وارڈن پولیس نے گاڑیوں میں لگی غیر معیاری سی این جی سلنڈروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں درجنوں گاڑی مالکان کو چالان کردیا ہے۔ حتمی کریک ڈاؤن کے دوران متعدد گاڑیوں سے غیر معیاری اور ناقص سی این جی سلنڈر اتار کر ضبط کرلئے گئے۔بغیر فٹنس گاڑیوں میں سی این جی سلنڈر استعمال کرنیوالے گاڑی مالکان کے خلاف ٹریفک وارڈن پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا مشترکہ آپریشن شہر کے مختلف شاہراہوں پر جاری ہے اور گاڑیوں میں لگی سی این جی کٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کا بھی معائنہ کیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلے میں گاڑی مالکان کو سی این جی فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے اور مجاریہ گائیڈ لائنز کی عدم تعمیل پر مزید سخت قانونی کاروائی کی تنبیہ جاری کردی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مسافر گاڑیوں میں گیس سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے کے دوران قیمتی انسانی جانوں کی ضیاع کے واقعات رونما ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)منصور امان نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی وضع کردہ حکمت عملی اور مجاریہ گائیڈ لائنزکی پیروی میں پولیس حکام کو مسافر اور پرائیویٹ گاڑیوں میں لگی غیر معیاری اور ناقص سی این جی سلنڈ اتارنے کیلئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کیساتھ ملکر مشترکہ کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردئیے ہیں جس پر فی الفور عملدرآمد کرتے ہوئے انچارج ٹریفک وارڈن پولیس کوہاٹ عرب جان نے موٹر وہیکل ایگزامینر بدیع الزمان اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی و ٹریفک وارڈنز کے ہمراہ پشاور بائی پاس روڈ،کوہاٹ ہنگو روڈ،کوہاٹ پنڈی روڈ،یونیورسٹی روڈ،بنوں روڈ اور کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مختلف گاڑیوں کا معائنہ کیااور بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے گاڑیوں میں سی این جی سلنڈراستعمال کرنے اور غیر معیاری و ناقص سلنڈر کے استعمال پر درجنوں گاڑیوں کو موقع پر چالان کرکے متعدد گاڑیوں سے مجموعی طور پر آٹھ غیر معیاری سی این جی سلنڈرز اتار کر قبضے میں لئے گئے اور ڈرائیوروں سے جرمانہ وصول کرکے ان کو ہدایت کی گئی کہ جلد از جلد متعلقہ سی این جی ورکشاپ سے سی این جی کٹ اور سلنڈر کا معائنہ کرکے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں بصور ت دیگرمزید سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر