خالی آسامیوں پر تعیناتی کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائیگا،اللہ بخش

    خالی آسامیوں پر تعیناتی کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائیگا،اللہ بخش

  



بنوں (بیورورپورٹ)وفاقی سیکرٹری ہیلتھ اللہ بخش ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت لکی مروت میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کے لئے صوبائی حکومت سے رابطہ کرے گی اس سے ہسپتال اور دور افتادہ علاقوں میں واقع مراکز صحت فعال ہوں گے اور لوگوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی گھروں کی دہلیز پریقینی بنائی جاسکے گی۔وہ انسداد پو لیو کے لئے جاری کوششوں کے سلسلے میں لکی مروت کے دورے کے موقع پر بخمل احمد زئی یونین کونسل میں مشران سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر کو آرڈی نیٹر نیشنل ای او سی برائے پو لیوپروگرام ڈاکٹر رانا صفدر،صوبائی کو آرڈی نیٹر ای او سی برائے پو لیوپروگرام عبدالباسط، کمشنر بنوں عادل صدیق،ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر، این سٹاپ کنٹری ٹیم لیڈ بریگیڈئیر ریٹائرڈ ڈاکٹر کمال الدین سومرو، پراونشل این سٹاپ ٹیم لیڈ ڈاکٹر اعجاز شاہ،ڈی ایچ او ڈاکٹر رحیم خٹک، ای پی آئی کو آر ڈی نیٹر ڈاکٹر ہدایت اللہ خان اور دیگر مقامی حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری ہیلتھ اللہ بخش ملک نے کہا کہ والدین بچوں کے مسؤل ہیں ان کی تعلیم و تربیت اور صحت کے بارے میں پوچھا جائے گا،اگر ہم اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر دھیان دیں اور ان کی صحت کا خیال رکھیں تو اللہ تعالیٰ کے ہاں سرخرو ہوں گے۔انہوں نے پولیو ٹیموں اوربچوں کو دائمی اپاہج پن کا شکار کرنے والی موذی بیماری کے خاتمے کے لئے جاری کوششوں میں مقامی افراد کی خدمات سے استفادہ کرنے کا یقین دلاتے ہوئے مشران اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں، پولیو ایک خطرناک مرض ہے اور اسے عوام بالخصوص والدین ہی کے بھرپور تعاون کی بدولت ختم کیا جائے گا۔ لوگوں کی طرف سے تعلیم، صحت، مواصلات، آبپاشی اور دیگر شعبوں میں درپیش مسائل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین ہر شہری کو تعلیم اور صحت کا حق دیتا ہے انہیں خوشی ہے کہ اس دور افتادہ علاقے کے لوگ اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے ہیں حکومت پولیو کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش تمام مسائل بھی حل کرے گی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران پراونشل کو آر ڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو پروگرام عبدالباسط نے وفاقی سیکرٹری ہیلتھ اللہ بخش ملک کو انسداد پولیو کے لئے جاری کوششوں اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں درپیش چیلنجز، پولیو کیسز کی وجوہات اور مقررہ اہداف کے حصول کے لئے وضع کردہ حکمت عملی اور کوششوں سے آگاہ کیا۔وفاقی سیکرٹری ہیلتھ اللہ بخش ملک نے انسداد پولیو پروگرام سے وابستہ ا فسران پر زور دیا کہ وہ انٹی پولیو ویکسین پر عوام کا اعتماد بحال کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے پر بخوشی راضی ہوں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر