پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں،سی ٹی او لاہور

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں،سی ٹی او لاہور

  



لاہور (کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔جس کیلئے شہریوں کا روڈ زپر تعاون درکار ہوگا۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیم موومنٹ کے دوران مخصوص شاہراہوں کو محدود وقت کیلئے بند رکھا گیا، جس کیلئے سٹی ٹریفک پولیس تکلیف کیلئے شہریوں سے معذرت خواہ ہے۔سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے پہلے میچ کے دوران شائقین کرکٹ کو بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ خوش آمدید کہا جاتا رہا۔ سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے قذافی اسٹینڈیم کے گردونواح، ڈائیورشن پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک آگاہی کیمپ بھی لگائے گئے، ایف سی کالج پارکنگ،لبرٹی پارکنگ،مین انٹرنس پارکنگ اور ڈائیورشن پوائنٹس پر شہریوں میں پھول اور بچوں میں کینڈیز تقسیم کیں گئیں جبکہ شہریوں کی راہنمائی اور سہولت کیلئے ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے گئے جن پر شہریوں کیلئے پارکنگ اسٹینڈز،اسٹیڈیم میں انٹرنس اور متبادل راستوں بارے پیغامات درج تھے،انچارج روڈ سیفٹی یونٹ انسپکٹر نازیہ باقر کے ہمراہ وارڈنز اور لیڈ ی وارڈنزنے شہریوں میں پھول اور دیگر تحائف تقسیم کئے۔ سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا کہ شہریوں کیساتھ ساتھ سٹی ٹریفک پولیس بھی پاکستان میں کرکٹ بحالی پر خوش ہے۔

مزید : علاقائی