نور بخاری کا عون چوہدری سے دوبارہ شادی کا اعتراف

  نور بخاری کا عون چوہدری سے دوبارہ شادی کا اعتراف

  



لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے عون چوہدری سے دوبارہ شادی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اپنا ہیرو قرار دے دیا۔نور بخاری نے سابق شوہر کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تو انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔عون چوہدری کی شیئر کردہ تصویر پر نور بخاری کی بہن فاریہ بخاری نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ماشاء اللہ، اللہ نظر بد سے محفوظ رکھے جس کے ساتھ ساتھ نور کی نہایت قریبی دوست ریچل خان، اور صوفیہ(ماڈل فیا خان‘) سمیت بہت نے انہیں مبارکباد دی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نور بخاری کی پانچویں شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں جن کی نور کی جانب سے تردید بھی کی گئی تھی۔

دو سال قبل شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری کی 4 شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ان کی پہلی شادی 2008 میں وکرم نامی بزنس مین سے دبئی ہوئی تھی لیکن 2 سال بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔نور کی دوسری شادی 2010 میں ہی ڈائریکٹر فاروق مینگل سے ہوئی جو کہ ایک سال سے بھی کم عرصہ چل سکی۔ نور نے تیسری شادی عون چوہدری سے 2012 میں کی تھی لیکن وہ بھی صرف کچھ ماہ ہی چل سکی، عون سے ان کی بیٹی فاطمہ بھی ہے۔ولی حامد خان سے 2015 میں نور بخاری نے چوتھی شادی شادی کی۔ گھریلو تنازعات کے باعث شادی زیادہ عرصہ نہ چل پائی اور ستمبر 2017 میں نور بخاری نے عدالت کے ذریعے ولی حامد خان سے خلع لے لی۔عون چوہدری تحریک انصاف کے رہنما ہیں، عمران خان سے ان کی دیرینہ قربت اور وفاداری ہے۔عون چوہدری وزیر اعظم کے اس قریبی حلقے کا حصہ تھے جو جنوری 2018 میں ان کی تیسری شادی کا راز داں تھا۔اگست 2018 میں عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد عون چوہدری اس مختصر وفد کا بھی حصہ تھے جو نومنتخب وزیر اعظم کے ساتھ عمرہ کرنے سعودی عرب گیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ نور کئی ماہ سے بیرون ملک مقیم ہیں۔ وہ کئی بار عون چوہدری سے پانچویں شادی کی تردید کرچکی ہیں تاہم ان کی اس پوسٹ سے ان کا نیا رشتہ بالکل واضح ہوگیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ نور اور عون چوہدری کی شادی کو ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور نور کچھ عرصہ پہلے دوسری بیٹی کی ماں بھی بن چکی ہیں۔نور بخاری نے ایک ماہ قبل بھی شادی کی افواہوں پر میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے سکون سے کیوں نہیں جینے دے رہے۔ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔دوسری طرف نور بخاری کی تین قریبی دوستوں نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے۔

مزید : کلچر