تریفک نظام کی بہتری کیلئے ”مہذب شہری، منظم ٹریفک“ مہم قابل ستائش ہے، علی امین گنڈہ پور

تریفک نظام کی بہتری کیلئے ”مہذب شہری، منظم ٹریفک“ مہم قابل ستائش ہے، علی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کیلئے ”مہذب شہری، منظم ٹریفک“ مہم قابل ستائش ہے، ٹریفک کے نظام کی بہتری، عوام میں ٹریفک کے قوانین اور ہیلمٹ کے استعمال بارے شعور آگاہی مہم کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ شہری پولیس کی جانب سے جاری مہم کے حوالے سے پولیس سے مکمل تعاون کریں، ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہوکر ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ”مہذب شہری، منظم ٹریفک“ مہم کے سلسلے میں جی پی او چوک پر لگائے گئے آگاہی کیمپ میں آمد پر کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود اور ڈپٹی کمشنر محمد عمیر بھی موجود تھے۔ وقافی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور، ڈی پی اوکیپٹن(ر) حافظ واحد محمود اور ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے اس موقع پر عوام میں حادثات سے بچاؤ کیلئے مفت ہیلمٹس تقسیم کئے اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے پفلٹس بھی تقسیم کئے۔ ڈی پی او ڈیرہ کی جانب سے وفاقی وزیر کو مہم کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے ٹریفک کے نظام کی بہتری کی ریڑھی بانوں اور چنگ چی رکشاؤں کیلئے دو الگ الگ خالی سرکاری پلاٹس مفت فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کو اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کو کنٹرول کرنے کیلئے دو فلائی اوورز بھی بنانے کا منصوبہ ہے جس سے یقیناً ٹریفک کے نظام میں بہتری آئیگی۔ ڈی پی او ڈیرہ نے بتایا کہ ٹریفک کے نظام کی بہتری کیلئے پولیس نے پلان ترتیب دیدیا ہے۔ ”مہذب شہری، منظم ٹریفک“ مہم اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے ڈی پی او ڈیرہ کو ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے کیلئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید :

صفحہ اول -