محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے تحت پریمیئر فٹبال کپ کا آغاز
کراچی (پ ر) فٹبال کلب کراچی کی جانب سے اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کراچی پریمیئر فٹبال کپ کل بلوچ مجاہد فٹبال اسٹیڈیم ابراہیم حیدری میں شروع ہوگیا جو کہ 23 فروری 2020تک جاری رہے گا۔ آل کراچی ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس سلسلے میں فٹبال کلب کراچی کے بانی و صدراور ٹورنامنٹ آرگنائزر حمزہ فاروق نے صوبائی مشیر کھیل بنگل خان مہر اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز امتیاز علی شاہ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ کے انعقاد سے کراچی میں فٹبال کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ایونٹ میں شہر بھر کے بہترین کلب اور پلیئرز شرکت کررہے ہیں۔ فٹبال کلب کراچی شہر میں فٹبال گیم کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کررہا ہے۔ گذشتہ ایونٹ کی طرح کراچی پریمیئر فٹبال کلب کا ایونٹ بھی کھلاڑیوں میں کھیل کا جذبہ بڑھائے گا۔علاوہ ازیں ٹورنمنٹ کی فاتح ٹیم کو 50000 اور رنراپ ٹیم کو 25000 روپے انعام اور اسناد دیئے جائیں گے۔