ٹرانسپرنسی کی رپورٹ نے حکومت کو بے نقاب کردیاہے،نوید بھٹی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے تحریک انصاف کی حکومت کو بے نقاب کردیا ہے۔کرپشن کے خلاف جنگ کا نعرہ لگانے والے خود سب سے زیادہ بندعنوان نکلے۔احتساب کے نام پر اپوزیشن رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے والوں نے زلفی بخاری سے علیمہ باجی تک سب کو کلین چٹ دے دی ہے۔جمعہ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ تبدیلی اور کرپشن کے خلاف جنگ کانعرہ لگانے والوں کی حقیقت ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کھول کر رکھ دی ہے۔ہر وقت احتساب کا نعرہ لگانے والے خود سب سے بڑے بدعنوان نکلے۔عمران خان کی حکومت آنے کے بعد ہر شعبے میں کرپشن میں اضافہ ہوگیا ہے۔حکومتی وزراء عجیب و غریب بیانات دے کر عوام میں اپنا مذاق بنوارہے ہیں۔ایسی غیر سنجیدہ حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں یکطرفہ احتساب کا عمل جاری ہے۔احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے جبکہ حکومتی چہیتوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔زلفی بخاری سے لے کر علیمہ باجی تک سب کو کلین چٹ دے دی گئی ہے۔نوید بھٹی نے کہا کہ حکومت کا وقت قریب آن پہنچا ہے۔کرپشن میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جلد کٹہرے میں لایاجائے گا۔