ترکی میں خوفناک زلزلہ،پاکستان کا ردعمل

ترکی میں خوفناک زلزلہ،پاکستان کا ردعمل
ترکی میں خوفناک زلزلہ،پاکستان کا ردعمل

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ترکی میں آنے والے خوفناک زلزلے پر پاکستان نے گہرے دکھ اور رنج کااظہارکیاہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اورعوام ترک بھائیوں سے دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان ہمیشہ کی طرح ترک بھائیوں اوربہنوں کے دکھ میں برابر کاشریک ہے،زلزلے سے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔غم کی گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترکی زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا بہت افسوس ہواہے۔مشکل کی اس گھڑی میں قوم ترک بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وزیر خارجہ نے زلزلے میں جاں بحق افرادکیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کے مختلف علاقوں کو 6.7 شدت کے زلزلے نے ہلا کر رکھ دیاہے جس کے باعث اب تک 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔

زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ترکی کے صوبے ” ایلازیگ “ کے علاقے ” سیورائس “ میں تھا ، شدید نوعیت کے زلزلے نے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ عمارت تباہ ہونے سے مجموعی طور پر 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ اب تک زلزلے کے باعث 500 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امدا کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ زلزلے کے باعث 30 سے زائد افراد لاپتہ بھی ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

زلزلے کے جھٹکے ترکی کے ہمسایہ ملک شامل کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، زلزلے کے باعث ہزاروں مکان منہدم جبکہ سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے زلزلے سے متاثرہ افراد کی فوری مدد اور ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

مزید : قومی