دوسرا ٹی 20، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 137 رنز کا ہدف دیدیا

دوسرا ٹی 20، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 137 رنز کا ہدف دیدیا
دوسرا ٹی 20، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 137 رنز کا ہدف دیدیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی 20 میچ میں اوپنر تمیم اقبال کی 65 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستانی ٹیم کو جیت کیلئے 137 رنز کا آسان ہدف دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگال ٹائیگرز کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 136 رنز بنا سکی۔ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو ابتداءمیں ہی کامیابی دلا دی اور بنگلہ دیش ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد نعیم صرف پانچ کے مجموعی رنز پر کوئی سکور بنائے وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 22 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب مہدی حسن محمد حسنین کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 9 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی لٹن داس ہیں جنہیں شاداب خان نے صرف 8 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگال ٹائیگرز کو چوتھا جھٹکا محمد حسنین نے اس وقت دیا جب سیٹ بیٹسمین عفیف حسین 86 کے مجموعی سکور پر 21 رنز بنا کر چھکا لگانے کی کوشش میں حارث رﺅف کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ایک جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب تمیم اقبال نے انتہائی ذمہ دارانہ اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے حریف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ 53 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر عماد وسیم کی تھرو پر رن آﺅٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 126 کے مجموعی سکور پر گری اور کپتان محمود اللہ 12 رنز بنا کر حارث رﺅف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے تمام باﺅلرز نے مجموعی طورپر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم محمد حسنین سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رﺅف نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے میچ کیلئے حتمی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور گزشتہ میچ کی طرح آج بھی بنگلہ دیشی ٹیم کو جلد آﺅٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رﺅف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت محمود اللہ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمام اقبال، محمد نعیم، لٹن داس، عفیف حسین، سومیا سرکار، مہدی حسن، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مستفیض الرحمان اور الامین حسین شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے اور آج کی جیت اسے فیصلہ کن برتری دلا دے گی۔

مزید : کھیل