’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط، سینما گھروں میں کیا صورتحال ہے اور کتنے ٹکٹ فروخت ہوئے؟ ناقابل یقین اعداد و شمار سامنے آگئے

’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط، سینما گھروں میں کیا صورتحال ہے اور کتنے ٹکٹ ...
’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط، سینما گھروں میں کیا صورتحال ہے اور کتنے ٹکٹ فروخت ہوئے؟ ناقابل یقین اعداد و شمار سامنے آگئے

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے پرائیویٹ ٹی وی چینلز کی تاریخ کے سب سے بڑے ڈرامہ سیریل ’ میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط اس وقت اے آر وائی ڈیجیٹل اور سینما گھروں میں چل رہی ہے، یہ پاکستان کا پہلا ڈرامہ سیریل ہے جو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔

باکس آفس ڈیٹیل کے مطابق ہمایوں سعید ، عائزہ خان، حرا مانی اور عدنان صدیقی کے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی سینما گھروں میں ریکارڈ توڑ اوپننگ ہوئی، پاکستان کے تمام سینما گھروں میں 8 بجے کے شو کے 100 فیصد ٹکٹس نہ صرف فروخت ہوچکے ہیں بلکہ لوگوں کی حاضری بھی 100 فیصد ہے۔

اس وقت سینما گھروں میں جتنا رش ہے اتنا کسی بڑی فلم کیلئے عید وغیرہ پر بھی نہیں ہوتا، کراچی، لاہور، راولپنڈی ، اسلام آباد، ملتان ، سیالکوٹ، سرگودھا اور منڈی بہاﺅالدین میں ’میرے پاس تم ہو ‘ کی 10 بجے کی تمام ٹکٹیں بھی فروخت ہوچکی ہیں، امید کی جارہی ہے کہ ڈرامے کا صرف ہفتے کے روز کا بزنس 2 کروڑ روپے ہوسکتا ہے لیکن رات کے شو کے بعد پتا چلے گا کہ یہ ہندسہ عبور ہوپائے گا یا نہیں۔

پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی اوپننگ مارول کی فلم ’اوینجرز اینڈ گیم‘ کی ہوئی تھی لیکن میرے پاس تم ہو نے اس فلم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سینما گھروں میں 8 بجے کے علاوہ 10 اور ایک بجے کے شوز میں بھی ڈرامہ بینوں کی خاصی تعداد کی توقع کی جارہی ہے۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /تفریح