’ عثمان بزدار نے ڈاکٹروں کی لا پرواہی کے باعث دانش کی موت کا از خود نوٹس لے لیا، حکومت کا ایک روزہ سوگ کا اعلان ، پرچم سرنگوں رہے گا‘
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’ میرے پاس تم ہو‘ کا اختتام مرکزی کردار دانش کی موت کے ساتھ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ڈرامے کے مداح کافی ڈسٹرب نظر آرہے ہیں جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا پر کر رہے ہیں، کچھ سنجیدہ قسم کے لوگ ڈرامے کے اختتام سے افسردہ مداحوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے میں بھی مصروف ہیں۔
’ میرے پاس تم ہو‘ ڈرامہ سیریل کی فین فالوﺅنگ کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی دانش کی موت ہوئی تو نجی ٹی وی سٹی 42 نے اس کو بریکنگ نیوز کے طور پر چلایا ۔ صرف یہی نہیں بلکہ دیگر صحافی بھی فیس بک پر دانش کی موت کا ہی تذکرہ کرتے نظر آئے۔
سجاد حسین چوہان ایڈووکیٹ نے ’میرے پاس تم ہو ‘ ڈرامے کے بارے میں فیس بک پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا’وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈاکٹروں کی لا پرواہی کے باعث دانش کی موت کا از خود نوٹس لے لیا، ہسپتال کا ایم ایس اور تینوں ڈاکٹرز معطل، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم، یاسمین راشد وزیر صحت کو 24 گھنٹوں میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم۔‘
صحافی ارم سرور نے لکھا ’حکومت پاکستان کا دانش کے انتقال پر ایک روزہ سوگ کا اعلان، پرچم سرنگوں رہے گا‘
اینکر پرسن وجاہت ندیم خان نے لکھا ’ دانش مر بھی گیا تو کیا ہوا، بھٹو توزندہ ہے نا۔‘
صحافی ملک عتیق احمد نے لکھا ’ میرے پاس تم ہو ڈرامے کے مرکزی کردار دانش جو انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘
خاتون صحافی آمنہ عثمان نے عمران خان کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’اصل میں دانش کو اس بات کا احساس ہو گیا تھا کہ سکون قبر میں ہی ہے۔‘