فاسٹ باﺅلرز سے ایک اور اہم ترین ہتھیار چھیننے کی تیاریاں شروع ہو گئیں، کرکٹ کے میدان سے اہم خبر آ گئی

فاسٹ باﺅلرز سے ایک اور اہم ترین ہتھیار چھیننے کی تیاریاں شروع ہو گئیں، کرکٹ ...
فاسٹ باﺅلرز سے ایک اور اہم ترین ہتھیار چھیننے کی تیاریاں شروع ہو گئیں، کرکٹ کے میدان سے اہم خبر آ گئی
سورس:   Twitter

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) فاسٹ باﺅلرز سے ایک اور اہم ہتھیار چھیننے کی تیاریاں شروع ہو گئیں اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے باﺅنسرز پر مکمل پابندی عائد کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے، کھلاڑیوں کو انجری سے بچانے کیلئے اس انتہائی قدم کا جائزہ لیا جانے لگا۔ 

تفصیلات کے مطابق میچ کے دوران انجریز کا شکار ہونے والے کرکٹرز کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا خدشہ کرکٹ حکام کو ستانے لگا ہے اور اسی وجہ سے کھیل کے قوانین کی سرپرست میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے باﺅنسرز پر ہی مکمل پابندی کیلئے مشاورت شروع کر دی۔ یہ جائزہ ایسے وقت میں شروع کیا جا رہا ہے جب فٹ بال اور رگبی کو سر پر چوٹ سے یادداشت متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کی جانب سے ملین پاﺅنڈ ہرجانے کے مقدمات کا سامنا ہے۔ 

کرکٹ میں حالیہ کچھ عرصے میں پلیئرزکو سر کی چوٹ سے بچانے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، مضبوط ہیلمٹ تیار کئے گئے، سر پر چوٹ کی وجہ سے فوری طور پر معائنے اور ڈاکٹرزکی ہدایت کے مطابق متاثرہ کھلاڑی کو کھیل جاری رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا جاتا ہے، سر پر چوٹ کے اثرات رہنے تک پلیئر کی میدان میں واپسی نہیں ہوتی، کرکٹ میں تمام پروفیشنل لیول پر سر پر چوٹ لگنے کی صورت میں متبادل کھلاڑی کو میدان میں اتارنے کا قانون نافذ ہے اور اس پر عملدرآمد بھی ہورہا ہے۔

لیکن اس کے باوجود کرکٹ حکام کو شارٹ بالز کی وجہ سے بیٹسمینوں کے انجرڈ ہونے کا خدشہ ستاتا رہا ہے، اسی وجہ سے باﺅنسرز پر مکمل طور پر پابندی کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے، اگرچہ یہ بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے مگر اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔ باﺅنسرز فاسٹ باﺅلرز کا اہم ہتھیار ہیں، اس پر پابندی سے ان کی اہمیت مزید کم ہوسکتی ہے، اس وجہ سے حکام کیلئے اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہو گا۔ 

مزید :

کھیل -