فاف ڈوپلیسی بھی بائیو ببل کی زندگی سے اکتا گئے، کھلاڑیوں کیلئے عذاب قرار دیدیا

فاف ڈوپلیسی بھی بائیو ببل کی زندگی سے اکتا گئے، کھلاڑیوں کیلئے عذاب قرار ...
فاف ڈوپلیسی بھی بائیو ببل کی زندگی سے اکتا گئے، کھلاڑیوں کیلئے عذاب قرار دیدیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی بائیوببل میں مسلسل قیام سے اکتا گئے ہیں اور اسے کھلاڑیوں کیلئے عذاب قرار دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فاف ڈوپلیسی نے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے کہاکہ مسلسل بائیو سیکور ببل میں رہنا سب کیلئے عذاب بن چکا، کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کو چیلنجز کا سامنا ہے، کھلاڑی بھی اس سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے، میزبان سائیڈ کے پاس اعلیٰ سپنرز اور اچھے بیٹسمین بھی موجود ہیں، بابر اعظم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں،انجری کے بعد ان کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 14 سال قبل پاکستان آنے والی جنوبی افریقی ٹیم قدرے مختلف تھی، موجودہ سائیڈ میں زیادہ تر نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جن میں سے بیشتر پہلی مرتبہ یہاں کھیلیں گے جبکہ میزبان سائیڈ کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ رہے گا، 

انہوں نے کہا کہ کراچی کا موسم جنوبی افریقہ کیلئے بھی بہتر ہے، کنڈیشنز سپنرز کیلئے بہتر مگر فاسٹ باﺅلرز بھی کامیاب ہو سکتے ہیں، ریورس سوئنگ کیلئے پچزسازگار رہی ہیں، ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان مشکل حریف ثابت ہوتا ہے، میچز کے ابتدائی دن بیٹسمینوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کوینٹن ڈی کوک اچھے انداز میں قیادت کریں گے، انہیں تجربہ کار ٹیم مینجمنٹ کا ساتھ حاصل ہے، میں پاکستان کیخلاف زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کروں گا، میں اپنی کرکٹ سے پوری طرح لطف اندوز ہو رہا ہوں۔

مزید :

کھیل -