’ہم تیسرا میچ جیت کر سیریز کا اختتام فتح کیساتھ کرنا چاہتے ہیں‘ پاکستان ویمن ٹیم کی آل راﺅنڈر عالیہ ریاض نے خواہش کا اظہار کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا آخری ایک روزہ انٹرنیشنل میچ 26 جنوری بروز منگل کو کنگز میڈ کرکٹ سٹیڈیم ڈربن میں کھیلا جائے گا اور پاکستانی آل راﺅنڈر عالیہ ریاض یہ میچ جیت کر سیریز کا اچھا اختتام کرنے کی خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیدی تھی۔ 253 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز ہی بناسکی تھی۔
عالیہ ریاض نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی تاہم وہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کوفتح دلانے میں ناکام رہیں، انہوں نے ندا ڈار کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلئے 111 رنز کی شراکت قائم کی تھی، یہ پاکستان کرکٹ کی اس وکٹ کیلئے سب سے بہترین پارٹنر شپ ہے۔
آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ سیریز بہت چیلنجنگ ہوگی کیونکہ ان کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ ان کنڈیشنز پر کھیلنے کی ماہربھی ہیں ، برصغیر سے آنے والی کسی بھی ٹیم کیلئے یہ کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیتے تاہم تیسرے ایک روزہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز کا اچھا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔