نئے سال کے پہلے دو ہفتے، حکومت نے کتنے نئے نوٹ چھاپے اور روزانہ اوسطاً کتنا قرض لیا؟ ایسا انکشاف کہ ہرپاکستانی حیران پریشان رہ جائے
کراچی(ویب ڈیسک)حکومت نے نئے سال کے پہلے دو ہفتوں کے دوران اخرجات کیلئے اوسطاً ہر روز 12 ارب 79 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے ہیں،چودہ روز میں اوسطا روزانہ بینکوں سے 8ارب روپے سے زیادہ کا قرضہ بھی لیا گیا۔
روزنامہ پاکستان کے پرنٹ ایڈیشن نے سٹیٹ بینک کے حوالے سے لکھا کہ جنوری 2021 ء کے پہلے چودہ دنوں میں حکومت کی طرف سے مجموعی طور پر 177ارب 69کروڑ 90لاکھ مالیت کے نئے نوٹ جاری کیے گئے جو گزشتہ سال سے اسی عرصے کے مقابلے میں 33.5فیصد زیادہ ہیں۔2020 کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 133 ارب 13 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے تھے۔ نئے نوٹوں کے اجرا کے باعث اس دوران ملک میں زیر گردش نوٹوں کی مجموعی مالیت 177 ارب 76 کروڑ روپے کے اضافے سے 67کھرب21ارب 56کروڑ 70لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
بجٹ اخراجات پورے کرنے کیلئے دو ہفتوں کے دوران حکومت نے بینکنگ سیکٹر سے مجموعی طور پر 113ارب 64 کروڑ 40 لاکھ روپے کے نئے قرضے بھی لیے۔آمدنی کے مقابلے میں اخراجات میں زیادہ اضافے کے باعث نئے سال کے آغاز پر حکومت کی طرف سے اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینے کے ساتھ ساتھ نوٹ چھاپنے کی رفتار بھی تیز ہو گئی۔