’پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے‘ جنوبی افریقہ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے دبنگ اعلان کر دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باو¿چر نے کہا ہے کہ منگل سے پاکستان کیخلاف شروع ہونے والے کراچی ٹیسٹ میچ کیلئے اپنی تیاری کرلی ہے، پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے ہیڈکوچ مارک باؤچر نے کہا کہ دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی مقابلے میں نقصان کے ساتھ آگے نہیں جانا چاہیں گے، پاکستان کرکٹ اچھی ہے، میزبان سائیڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، پاکستان کے خلاف اچھی تیاری کی ہے، سیریز کو ہر گز آسان نہیں لیں گے، سیریز میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، میچ میں ٹاس جیتنے کی بھی اہمیت ہوگی۔
مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ بائیو ببل کے اب عادی ہوگئے ہیں لیکن یہ سلسلہ جتنا جلدی ختم ہو اچھا ہے، ہم جب کھیلنے آتے تھے اس وقت کنڈیشن مختلف ہوا کرتی تھیں، اب پاکستان کی کنڈیشنز کچھ مختلف ہیں، سیریز میں ریورس سوئنگ ایک اہم ہتھیار ہو سکتی ہے، ہم نے کراچی ٹیسٹ کیلئے کمبی نیشن بنا لیا ہے، ابھی کمبی نیشن کے بارے میں نہیں بتا سکتے، کل میچ میں کچھ سرپرائز بھی ہوسکتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ہیڈکوچ نے کہا کہ ہم میچ میں 20 وکٹیں لینے کیلئے جائیں گے اور دفاعی حکمت عملی نہیں اپنائیں گے،پہلی اننگز میں بڑا سکور بہت اہمیت کا حامل ہو گا، ایشیا میں پہلے کھیلتے ہوئے بڑی اننگز کھیلنا بہت ضروری ہے، بابر اعظم بہت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن کسی ایک کھلاڑی کو ٹارگٹ نہیں کیا، مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل بھروسہ ہے،ایشیا میں گزشتہ شکستوں سے سبق سیکھا ہے، ہمیں یہاں تیاری کا اچھا موقع ملا، اچھی سہولیات ملیں، سیکورٹی اقدامات سے زیادہ مشکلات نہیں ہوئیں۔