یوم آسٹریلیا پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا پاکستانیوں کے نام اہم پیغام

یوم آسٹریلیا پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا پاکستانیوں کے نام اہم پیغام
یوم آسٹریلیا پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا پاکستانیوں کے نام اہم پیغام

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شانے یوم آسٹریلیا پرپاکستانیوں کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آسٹریلیا ان ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے 1947 میں پاکستان کو ایک نئے ملک کی حیثیت سے باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا، اس وقت سے ہمارے تعلقات مضبوط اور گہرے ہوتے گئے ہیں ، ہمارے درمیان تاریخی روابط اور کرکٹ کے جنون سمیت بہت کچھ مشترک ہے جو ہمارے باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مضبوط روابط ان 80 ہزار سے زیادہ پاکستانی نژاد افراد کی وجہ سے قائم ہیں جو اب آسٹریلیا کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ ہر سال بہت سے پاکستانی طلبہ آسٹریلیا کی جامعات کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے منتخب کرتے ہیں۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر کے مطابق کورونا کی وبا کے دوران آسٹریلیا نے پاکستان کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امداد فراہم کی جو کہ ہمارے طویل المدت ترقیاتی تعاون کے علاوہ ہے جو آبی وسائل کے بہتر انتظام، زرعی پیداوار کو بہتر بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد تجارت اور سرمایہ کاری بحالی کیلئے اہم ہوگی، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں ہمارے بڑھتے ہوئے کاروباری تعلقات میں مزید اضافے کی صلاحیت موجود ہے، آسٹریلیا جدت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں بھی مہارت رکھتا ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -