روی چندرن ایشون نے ساتھی کھلاڑی کو چیلنج دیتے ہوئے آدھی مونچھ کٹوانے کا اعلان کردیا
نیودہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی سپنر روی چندرن ایشون نے بلے باز چتیشورپچار ا کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں سپن باؤلر کو کریز سے نکل کراوور دی ٹاپ شارٹ کھیلیں گے تو وہ اپنی آدھی مونچھ کٹوالیں گے۔
یہ چیلنج انھوں نے بھارت کے بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور سے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل میں بات چیت کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر پجارا نے ان کا چیلنج مکمل کرلیا تو وہ ایسا کرگزریں گے۔
بات چیت کے دوران سپن باؤلر نے بیٹنگ کوچ سے پوچھا کہ کیا ہم پجارا کو آف اسپنرز کے خلاف جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے دیکھ پائیں گے؟ جس پر کوچ نے کہا کہ ہم نے محنت جاری رکھی ہوئی ہے کہ وہ کم از کم ایک بار انگلش اسپنر کو اوور دی ٹاپ کھیل پائیں تاہم وہ ابھی تک اس پر آمادہ نہیں ہیں، جس کی ان کے پاس کئی وجوہات ہیں۔کوچ کے جواب میں اسپن باؤلر نے کہا کہ اگر آنے والی سیریز میں پجارا نے معین علی یا دیگر کسی بھی اسپنر کیخلاف وکٹ سے اتر کر شاٹ کھیلا تو وہ اپنی آدھی مونچھیں کٹوالیں گے۔